سندھ میں 7 ہزار سے زائد مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل

سندھ بھرمیں 2 ہزار 302 مدارس بند ہیں جبکہ ایک ہزار184 مدارس غیررجسٹرڈ ہیں، ذرائع اسپیشل برانچ

جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کا سروے مکمل کیا گیا: فوٹو: فائل

سندھ کے مختلف شہروں میں 7 ہزار 724 مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جس سے ان مدارس کی نگرانی میں مدد ملے گی۔

اسپیشل برانچ سندھ کے مطابق ملک بھر میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے پیش نظر سندھ بھر میں 7 ہزار 724 دینی مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کا سروے مکمل کیا گیا جس کے بعد اب سندھ بھر میں قائم مدارس کی سرگرمیوں کی نگرانی کی جاسکے گی۔


ذرائع اسپیشل برانچ سندھ کے مطابق کراچی کے 3 ہزار110، حیدرآباد کے 1 ہزار291 ، میرپورخاص کے 750 سکھر کے 1 ہزار536 اورلاڑکانہ کے ایک ہزار37 مدارس کی جیو ٹیگنگ کی گئی۔ سندھ بھر میں 2 ہزار 302 مدارس بند جبکہ ایک ہزار184 مدارس غیر رجسٹرڈ ہیں جن کو ضابطے میں لانے کے لیے تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں عمارتوں کی نگرانی کے لیے جیو ٹیگنگ ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کی جا رہی ہے جب کہ سندھ بھر میں جیو ٹیگنگ کا فیصلہ سندھ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

Load Next Story