کراچی میں الطاف حسین کی حمایت اورفاروق ستار کے خلاف بینرز آویزاں

آئی جی سندھ نے بینرز لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جیز کو اقدامات کی ہدایت کردی۔


ویب ڈیسک September 05, 2016
سندھ ہائی کورٹ کی پارکنگ اورصدر میں ریگل چوک پر بینرز آویزاں کئے گئے فوٹو: ایکسپریس

نامعلوم افراد نے سندھ ہائی کورٹ کی پارکنگ میں ''جو قائد تحریک کا غدار ہے وہ موت کاحقدار ہے'' کے بینرز لگا دیئے جب کہ صدر کے علاقے ریگل چوک پر ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار کے خلاف بھی بینر لگا دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں سندھ ہائی کورٹ میں سائلین کی گاڑیوں کے لیے مختص جگہ اور چورنگی پر لگائی گئی حفاظتی باڑ کے ساتھ نامعلوم افراد دن دیہاڑے بینرز لگاکر چلے گئے، ان بینرز پر ''جوقائد تحریک کا غدار ہے وہ موت کاحقدار ہے'' کا نعرہ درج تھا۔ نامعلوم افراد نے کمال مہارت سے ایسے مقامات پر بینرز لگائے جہاں ہونے والی نقل و حرکت سی سی ٹی وی کیمرے ریکارڈ نہیں کرپاتے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے صدر میں ریگل چوک کے قریب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے خلاف بھی بینرز لگادیے گئے جن پر فاروق ستار نہ منظور کے نعرے درج ہیں۔

میڈیا میں خبر نشر ہونے کے بعد ان بینرز کو ہٹا دیا گیا جب کہ پولیس نے بینرز لگانے والے نامعلوم افراد کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : فاروق ستار کو سیکیورٹی کی ضرورت

ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ہائیکورٹ اور صدر میں بینرز لگانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جیز کو اقدامات کی ہدایت کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ بینرز لگانا صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے جب کہ شرپسند عناصر خوف وہراس پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے مختلف مقامات پر ''بدلہ گروپ'' کے نام سے چاکنگ بھی کی گئی تھی جس میں ایم کیو ایم کے بانی سے لاتعلقی کا اعلان کرنے والوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔