کراچی فائرنگ سے مزید 4 افراد جاں بحق 40 ملزمان گرفتار

گذشتہ 6 روز میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر وارداتوں میں 30 سے زائد افراد کو قتل کردیا گیا ہے


ویب ڈیسک December 07, 2012
گذشتہ 6 دنوں میں 115 افراد سے نقدی ، موبائل فونز، طلائی زیورات، دستی گھڑیاں، کاریں اور موٹر سائیکلیں چھین لی گئی ہیں،پولیس فوٹو : فائل

فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق، پولیس اور رینجرز کا 40 ملزمان گرفتار کرنے کا دعوی۔

ایکسپریس نیوز کے نمائندے واثق محمد کے مطابق کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 40 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گارڈن کے علاقے چڑیا گھر کے گیٹ نمبر دو سے رکشے سے 3 نوجوانوں کی بوری بند لاشیں ملیں مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر اور منہ پر ٹیپ چپکا کر سروں میں گولیاں مارکر قتل کردیا گیا۔

ایس پی سٹی اقبال ڈار کے مطابق ایک مقتول کی شناخت نعیم بلوچ کے نام سے ہوئی ہے، مقتول لیاری گینگ وار سے تعلق رکھتا تھا جبکہ دیگر 2 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی، ملزمان نے رکشہ گزشتہ روز نبی بخش کے علاقے سے ڈرائیور احمد علی سے چھینا تھا، ایس پی کا کہنا ہے کہ مقتولین کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا ہے۔

دوسری طرف منگھوپیر کے علاقے کواری کالونی میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا جس کے شناخت نہیں ہوسکی، مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

رینجرز اور پولیس نے سہراب گوٹھ ، ملیر ، لاندھی ، گارڈن ، نیو کراچی ، کھوکھراپار اور دیگر مقامات پر چھاپے مارکر چالیس سے زائد افراد کو گرفتار کرنے کی دعوی کیا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات اور لوٹا ہوا سامان برآمد ہوا ہے۔

شہر میں رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دسمبر کے 6 دنوں میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر وارداتوں میں 30 سے زائد افراد کو قتل کردیا گیا، پولیس ریکارڈ کے مطابق گذشتہ 6 دنوں میں 115 افراد سے نقدی ، موبائل فونز، طلائی زیورات ، دستی گھڑیاں ، کاریں اور موٹر سائیکلیں چھین لی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں