آزاد کشمیر پاکستان کی دفاعی فصیل ہے صدرآزاد کشمیر مسعود خان

درپردہ جنگ کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں دہشت گردی و انتہا پسندی کی ہر شکل کو کچل کررکھ دیں گے، مسعود خان


ویب ڈیسک September 06, 2016
درپردہ جنگ کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں دہشت گردی و انتہا پسندی کی ہر شکل کو کچل کررکھ دیں گے، مسعود خان : فوٹو : آئی این پی

KARACHI: صدرآزاد کشمیرمسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت ایک بار پھر پاکستان پر میلی نگاہ رکھے ہوئے ہے لیکن آزاد کشمیر پاکستان کی دفاعی فصیل ہے۔

یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پاک فوج کے زیر اہتمام نیلم اسٹیڈیم مظفرآباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صدر آزاد کشمیر مسعود عبداللہ خان، وزیر اعظم راجا فاروق حیدرخان، جی او سی مری میجرجنرل آصف کلیم، غیرملکی مندوبین سمیت وزرائے حکومت اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کا دن تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے، 51 برس پہلے پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کرکے ثابت کردیا کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کی جانب میلی نگاہ لگا رکھی ہے اور اپنے تخریب کاروں کو پاکستان اور آزاد کشمیر بھیج رہا ہے لیکن ہم بھارت کی پھیلائی ہوئی دہشت گردی اور درپردہ جنگ کا جواب دینے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں، آزاد کشمیر پاکستان کی دفاعی فصیل ہے ، ہم دہشت گردی و انتہا پسندی کی ہر شکل کو کچل کررکھ دیں گے۔

مسعود عبداللہ خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوام کو بے رحمی سے قتل اور معذور کررہا ہے، ہم کشمیر پراپنا مقدمہ ایک بار پھر اقوام عالم کی طرف لے کر جائیں گے، وہ مودی کو کہنا چاہتے ہیں کہ کشمیر میں مظالم بند کئے جائیں ورنہ ہماری نسلیں اسے کبھی معاف نہیں کریں گی، خطے میں پائیدار امن کے لیے جد وجہد جاری ہے، وہ پڑوسی ملک کو دعوت دیتے ہیں کہ بات چیت کا راستہ بند نہ کرے۔

میجر جنرل آصف کلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے، لائن آف کنٹرول پر ہماری مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں دشمن کی بلا اشتعال فائرنگ کا مقابلہ کررہی ہیں، پاک فوج اپنی قوم کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش خطرات سے نکالنے کے لئے ضرب عضب ایک نظریئے کا نام ہے پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے ہر قیمت پر نجات دلوائیں گے۔

تقریب میں بچوں نے نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کئے جنرل آصف کلیم نے شہدا کی یادگار پر پھول چڑھائے جبکہ پاک فوج کے اعزازی گارڈز کی جانب سے شہدا کی یادگار پر سلامی پیش کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔