عمران خان کا 24 ستمبر کو رائیونڈ کی جانب مارچ کا اعلان

جب تک نواز شریف وزیراعظم رہیں گے ادارے ٹھیک نہیں ہو سکتے، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک September 06, 2016
جب تک نواز شریف وزیراعظم رہیں گے ادارے ٹھیک نہیں ہو سکتے، چیئرمین پی ٹی آئی. فوٹو: ایکسپریس نیوز اسکرین گریپ

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 24 ستمبر کو رائیونڈ کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔



کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا مقابلہ کرنا ہم سب کا فرض ہے،جمہوریت میں لیڈر چوری نہیں کرسکتا، برازیل میں معمولی کرپشن کرنے پر صدر کا مواخذہ کردیا گیا لیکن یہاں تو وزیراعظم ہر روز جھوٹ بولتے ہیں، پیسے اور ٹیکس بھی چوری کرتے ہیں اور منی لانڈرنگ بھی کرتے ہیں، اس غلط فہمی میں کوئی نہ رہے کہ ہم چپ کر کے شریف خاندان کی غلامی کریں گے ، 24 ستمبر کو سارے پاکستان کو جمع کر کے رائیونڈ میں جمع کریں گے اور وزیراعظم سے پاناما لیکس پر جواب مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنی کرپشن کے لئے اداروں کو تباہ کیا، کرپشن تب ختم ہوگی جب ادارے مضبوط اور آزاد ہوں گے اور جب تک نواز شریف وزیراعظم رہیں گے ادارے ٹھیک نہیں ہو سکتے، جب کہ وزیراعظم کا نام پاناما میں آیا میرا نہیں۔



چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کراچی میں کسی کو اپنی جان و مال کی حفاظت کا خطرہ نہیں ہوتا تھا لیکن 1985 کے بعد شہر کی صورتحال بالکل تبدیل ہوئی اور الطاف حسین نے کراچی پر مافیا کے ذریعے قبضہ کرایا اور لوگوں کو خوف کا غلام بنا کر سارے ملک کو عذاب میں ڈالا ، کراچی میں انتشار نہ ہوتا تو حالات کچھ اور ہوتے، بانی ایم کیوایم ملک میں دہشت گردی متعارف کرانے کے ذمے دار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے تکلیف ہوئی یہ سن کر جب الطاف حسین نے پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز قرار دیا، انہوں نے لندن میں بیٹھ کر جتنے لوگوں کو قتل کرایا ان میں سب سے زیادہ مہاجر تھے،عظیم طارق انقلابی شخص تھا جس نے بہت متاثر کیا لیکن الطاف حسین نے انہیں بھی قتل کرادیا، مہاجروں کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ وہ کتنے محب وطن ہیں، جاوید میانداد مہاجر تھا اور وہ پاکستان کے لئے لڑتا تھا۔



چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کراچی میں موقع ملا تو یہاں پولیس کا نظام صحیح کریں گے جس کے بعد رینجرز کی ضرورت نہیں پڑے گی، پختونخوا میں ایسا بلدیاتی نظام لے کر آئے جہاں 30 فیصد ترقیاتی فنڈز نچلی سطح تک جارہے ہیں، سارے پنجاب کا ترقیاتی فنڈز لاہور میں لگا دیا گیا جب کہ پختونخوا میں ترقیاتی فنڈز ڈسٹرکٹ کی سطح پر دیئے جارہے ہیں۔



اس سے قبل کراچی پہنچنے پر کارکنان سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہجرت کرکے آنے والا زیادہ محب وطن ہوتا ہے اور ان کی والدہ نے بھی پاکستان کے لیے ہجرت کی تھی جب کہ الطاف حسین نے ''را'' کے ساتھ مل کر پاکستان اور کراچی کو نقصان پہنچایا، ایک آدمی 23 سال سے باہر بیٹھ کرپاکستان کے خلاف کام کررہا ہے، اسے پاکستان اور اردو بولنے والوں سے کوئی غرض نہیں ہے لہذا کراچی کے عوام ہمارا ساتھ دیں ہم کراچی کو ایک مرتبہ پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا مستقبل تباہ کیا جا رہا ہے، ملک میں بادشاہت قائم کی جا رہی ہے اور فرعون کی حکومت ہے، وہ فرعونیت کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ چلنےکی دعوت دیتے ہیں۔



تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم نے آف شور کمپنیوں میں اربوں روپے چھپائے اور اب وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، وہ صرف 4 سوال لے کر رائیونڈ جارہے ہیں جب کہ رائے ونڈ مارچ پر بنی گالا آنے کی دھمکی دینے والے سمجھتے ہیں وہ پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن وہ ابھی انہیں جانتے نہیں، ہم رائے ونڈ میں نوازشریف سے جواب ضرور لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔