بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی دفتر خارجہ کی شکایت مسترد کردی

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر پاکستانی ہائی کمشنر سے شکایت کی گئی۔


ویب ڈیسک September 07, 2016
پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو تقریب میں شرکت کی اجازت نہ ملنے پر پاکستانی ہائی کمشنر سے شکایت کی گئی۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی میں تقریب میں شرکت نہ کرنے دینے پر بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو دفتر خارجہ طلب کرکے ان سے شکایت کی گئی تاہم عبدالباسط سے بھارتی مؤقف کو مسترد کردیا۔

نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کرکے حکام نے شکایت کی کہ پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو کراچی کی تقریب میں شرکت نہیں کرنے دی گئی۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کی شکایت رد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بھی پاکستانی ہائی کمشنر کی دعوتوں کو منسوخ کرنا معمول ہے اور ایسی تمام دعوتوں کی منسوخی بھارتی حکومت کے دباؤ پر کی جاتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت نے پاکستان کا سافٹ امیج پیش کرنے کی کئی تقریبات نہیں ہونے دیں جب کہ پاکستانی ہائی کمشنر کوکئی بار دی گئی دعوت بھارتی میزبانوں نے دباؤ میں آکر واپس لی۔ ادھر بھارت نے اپنے شہریوں کو پاکستانی ہائی کمشنر کو تقریبات میں مدعو نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی دفترخارجہ طلبی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہائی کمشنر کو چیمبر آف کامرس مدعو نہ کرنے پر احتجاج کیا جب کہ واقعہ سے متعلق معلومات لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دعوت دینے سے متعلق کراچی چیمبر آزاد ادارہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔