انگلش کاؤنٹی لیسٹر شائر نے شرجیل خان سے معاہدہ کرلیا

کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی مقصد رہا ہے اور موقع فراہم کرنے پر لیسٹرشائرکا بہت مشکور ہوں، شرجیل خان


ویب ڈیسک September 07, 2016
کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی مقصد رہا ہے اور موقع فراہم کرنے پر لیسٹرشائرکا بہت مشکور ہوں، شرجیل خان. فوٹو:فائل

انگلش کاؤنٹی ٹیم لیسٹر شائر نے نیٹ ویسٹ بلاسٹ 2017 کے سیزن کے لیے پاکستانی اوپننگ بلے باز شرجیل خان سے معاہدے کا اعلان کردیا ہے۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان ان دنوں انگلینڈ میں ہی موجود ہیں جہاں انگلش کاؤنٹی ٹیم لیسٹر شائر نے آئندہ سال کے لئے ان سے معاہدہ کرلیا جس کے بعد شرجیل خان لیسٹر شائر کی جانب سے کھیلیں گے جب کہ ان سے قبل شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور عمراکمل بھی لیسٹر شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ لیسٹر شائر نے شرجیل خان سے قبل سابق آسٹریلوی کرکٹر کلنٹ میکے سے معاہد کیا تھا۔

لیسٹر شائر کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ شرجیل خان جارح مزاج بلے باز ہیں جو ہمارے لیے ٹی 20 میچوں میں دوسرے اوپنر کے طور پر آپشن ہوں گے اور ہم جانتے ہیں کہ دیگر کاؤنٹیز بھی شرجیل جیسی صلاحیت کے حامل کھلاڑی کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں لیکن ہم 2017 کے سیزن کے لیے ان کی خدمات حاصل کرنے پر بہت خوش ہیں۔

دوسری جانب شرجیل خان کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ہمیشہ سے ہی میرا مقصد رہا ہے اور میں یہ موقع فراہم کرنے پر لیسٹر شائر کا بہت مشکور ہوں، پاکستان کے دیگر بیٹسمین بھی اس سے قبل لیسٹر شائر کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں شاہد آفریدی، عبدالرزاق اور عمر اکمل شامل ہیں اور وہ ان کے نقش قدم پر چلنے پر بہت خوش ہیں۔

واضح رہے کہ شرجیل خان نے حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں 62 گیندوں پر سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے خلاف ٹرینٹ بریج میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ 30 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں