اقتصادی رابطہ کمیٹی اسٹیل ملزملازین کو2 ماہ کی تنخواہ دینے کی منظوری

76 کروڑ روپے جاری،تنخواہیں عیدسے قبل اداکردی جائیں گی،


Numainda Express September 08, 2016
کویت پٹرولیم کارپوریشن سے فرنس آئل وجیٹ فیول خریدنے کیلیے معاہدہ کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی، وزیرخزانہ سینیٹر اسحق ڈارکی زیرصدارت اجلاس میں فیصلے فوٹو؛ ففائل

TORONTO: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملزکے ملازمین کوعیدالاضحی سے قبل 2 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلیے 76 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار کی زیرصدارت ہوا۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو2 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کافیصلہ عیدالاضحی کے پیش نظر ملازمین کی سہولت کیلیے کیا گیا۔ وزیرخزانہ کی ہدایت کے مطابق اسٹیل ملزکے ملازمین کو عیدسے قبل تنخواہیں اداکردی جائیں گی۔

ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کے رٹائرڈملازمین کوگریجویٹی فنڈاور پراویڈنٹ فنڈ کی ادائیگی کیلیے 32 کروڑاور20 لاکھ روپے سے زائدکی رقم کی بھی منظوری دی۔ اسٹیل ملز کے رٹائرڈ ملازمین کو گریجویٹی فنڈ کی ادائیگی اپریل 2013 اور پراویڈنٹ فنڈ اپریل 2015 سے زیر التواہے۔ ای سی سی نے متوقع سارک کانفرنس اور مستقبل میں ایسے دیگرایونٹس کے انعقاد کے سلسلے میں عالمی شخصیات کی سیکیورٹی کے حوالے سے 35 بکتربندگاڑیاں کی درآمدتمام ٹیکسوں اور ڈیوٹیزسے مستثنیٰ قراردینے کی بھی منظوری دی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے پی ایس اوکوموجودہ پراڈکٹ کی فروخت اورفرنس آئل وجیٹ فیول کی سپلائی کے لیے کویت پٹرولیم کارپوریشن کیساتھ خریداری کے معاہدے کوحتمی شکل دینے کی اجازت دینے سے متعلق سمری کی بھی منظوری دی، اس سلسلے میں ادائیگی کی شرائط کو بہتر بنانے کے لیے کوششیں کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں