تحریک انصاف نہیں چھوڑ رہا فیصل واوڈا

عدالت نے 30 ہزار روپےمچلکے کے عوض فیصل واوڈا کی ضمانت منظور کی۔


ویب ڈیسک September 08, 2016
پولیس نے فیصل واوڈا کو گزشتہ روز شارع فیصل پر احتجاج کے باعث گرفتار کیا تھا۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ میں عمران خان کو رپورٹ کرتا ہوں اور تحریک انصاف نہیں چھوڑ رہا۔

ضمانت منظور ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف احتجاج پارٹی کے حکم پر نہیں بلکہ پاکستانی ہونے کے ناطے کررہا تھا، کرپشن عمران خان یا میرا مسئلہ نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پر امن احتجاج کررہا تھا، مجھے غلط گرفتار کیا گیا، احتجاج کرنا ہمارا جہوری حق ہے جس سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا تاہم میری وجہ سے جن کو تکلیف ہوئی معذرت کرتا ہوں۔

فیصل واوڈ کا کہنا تھا کہ پارٹی میں کسی کو نہیں براہ راست چیرمین عمران خان کو رپورٹ کرتا ہوں، میں پارٹی نہیں چھوڑ رہا اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو حراست میں لے لیا

اس سے قبل پولیس نے گزشتہ روز غیر اعلانیہ طور پر احتجاج کرنے پر گرفتار پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کو جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر میں پیش کیا۔ درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انھیں پولیس نے حبس بے جا میں رکھا لہذا ضمانت منظور کی جائے، عدالت نے 30 ہزار روپے مچلکے کے عوض فیصل واوڈا کی ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: فیصل واوڈا کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ترجمان تحریک انصاف

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کرپشن کے خلاف اسٹار چورنگی پر احتجاج کیا جس کے نتیجے میں 5 سے 6 گھنٹے تک شارع فیصل پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں اور احتجاج کے باعث ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں