عدالت نے ایف آئی اے کے 5افسران و اہلکاروں کی گرفتاری کا حکم دیدیا

افسران اور اہلکاروں کو 4 مقدمات میں گواہی کیلیے متعدد بار طلب کیا گیاتھا تاہم انھوں نے عدالتی احکامات نظرانداز کردیے۔


Staff Reporter December 08, 2012
گواہوں کو کورٹ نے جعلی اور ممنوع ادویہ فروخت کرنے کے الزامات میں ملوث ملزمان کے خلاف تین اور چار برس سے زیر التوا4 مقدمات میں گواہی کیلیے متعدد بار طلب کیا تھا. فوٹو: فائل

NEW DEHLI: ڈرگ کورٹ نے عدالتی حکم عدولی پر ایف آئی اے کے5 افسران و اہلکاروں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈرگ کورٹ کے چیئرمین ساتھی محمد اسحاق ، ممبران ڈاکٹر جاوید بخاری اور ڈاکٹر نگہت قادری نے ایف آئی اے کے انسپکٹرز محمد انوار، غلام مصطفی باجوہ ، مرزا مسعود عالم ، محمد علی ابڑو ، رائو نسیم، اہلکاروں میں شامل محمد علی خانزادہ ، نویداور زمان اﷲ کو ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کو ان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔

مذکورہ گواہوں کو کورٹ نے جعلی اور ممنوع ادویہ فروخت کرنے کے الزامات میں ملوث ملزمان اسحاق ، جبران ، ضیا الرحمن ودیگر کے خلاف تین اور چار برس سے زیر التوا4 مقدمات میں گواہی کیلیے متعدد بار طلب کیا تھا تاہم گواہوں نے عدالتی احکامات نظرانداز کردیے تھے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی جلال الدین سومرو نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر میاں بیوی کو زخمی کرنے کے الزام میں ملوث ملزمان طلحہٰ اور محمد قاسم کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور11 برس قید فی کس 25ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، ملزم محمد قاسم ضمانت پر تھا۔

تاہم عدالت نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرکے اسے بھی جیل بھیج دیا ہے جبکہ ملزم طلحہٰ کو جیل حکام نے عدالت میں پیش کیا تھا ، استغاثہ کے مطابق 25مئی2011کو ملزمان نے مدعی طارق یعقوب اور اسکی اہلیہ کو ڈیفنس کے علاقے میں دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا، ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں