جو پسند ہے وہی کرتی ہوں نیت ٹھیک ہو تو کامیابی قدم چومتی ہے سشمیتا سین

کسی کی دل آزاری نہیں کرتی، اپنی بات پر قائم رہتی ہوں،اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوں ، تعلقات نبھانا جانتی ہوں


Showbiz Desk December 08, 2012
خوش لباس ہونے کے ساتھ خوش خوراک بھی ہوں، کھانے پکانے کا ہنر بھی آتا ہے،37 سالہ بالی وڈ اداکارہ کا خصوصی انٹرویو۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ اپنی بات پر قائم رہتی ہوں۔ جو پسند ہے وہی کرتی ہوں ،کسی کی دل آزاری نہیں کرتی، دوستوں کی خوشی کے لیے کچھ کرنے کی جستجو ہے۔

انھوں نے کہا کہ فنی سفر کے دوران کئی نشیب و فراز آئے تاہم قدم نہیں ڈگمگائے۔ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوں ،تعلقات نبھانا جانتی ہوں ۔کامیابیوں پر خوشی ہوتی ہے ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں جس پر تعطل بھی آجاتا ہے۔ فلمی سفر جاری رکھوںگی۔بالی وڈ سے شناخت ملی اور اسے چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔اپنے فیصلوں پر قائم رہتی ہوں ۔

انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ خوش لباس ہونے کے ساتھ خوش خوراک بھی ہوں اور کوکنگ بھی جانتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اوریجنلٹی پسند ہے۔پھول اچھے لگتے ہیں ،چاند کو دیکھنے پر خوشی ہوتی ہے ۔پراعتماد ہوں اپنی ذات پر بھروسہ رکھتی ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ دوستی کرنے میں کوئی برائی نہیں مگر بے وفائی کرنا ٹھیک نہیں ،انھوں نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو کامیابی قدم چومتی ہے ۔37سالہ اداکارہ نے کہا کہ نئی فلم کی کہانی دیکھ کر اس میں کردار نبھانے کا فیصلہ کروں گی۔بڑے لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔

واضح رہے کہ 19نومبر 1975ء کو حیدر آباد کے بنگالی خاندان میں پیدا ہونے والی سشمیتا سین نے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔اداکارہ کے والد ونگ کمانڈر رہے ۔1994ء میں مس یونیورس کا تاج سجا۔فلپائن میں ہونیوالے اپنی نوعیت کے منفرد مقابلہ حسن کے لیے منتخب ہونے والی سشمیتاسین پہلی بھارتی اداکارہ تھیں ۔1995ء میں عالمی مقابلہ حسن میں بھی حصہ لینے والی پہلی بھارتی خاتون تھیں۔یہ اعزاز بھی صرف سشمیتا سین کے نام ہوا ۔ان اعزازات کے بعد سشمیتاسین نے بالی وڈ میں اداکاری کا فیصلہ کیا ۔پہلی فلم ''دستک''تھی ۔اداکارہ کی پہلی تامل فلم بھی بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔

01

اسی دوران اداکارہ کی فلم اسٹار رندیب ہودا سے دوستی کے چرچے بھی ہوئے اور پھر تعلقات میں سرد مہری کی خبریں بھی آنے لگیں۔ پہلی فلم ''دستک''1996ء میں ریلیز ہوئی۔1997ء کے دوران سشمیتا سین نے فلم ''زور''میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرکے شائقین کے دل جیتے ۔1999ء میں فلم ''صرف تم ''میں پرفارم کیا اور اس میں بہترین پرفارمنس کے سبب انھیں بہترین معاون اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ۔اسی برس فلم ''ہندوستان کی قسم''،''بیوی نمبرون''اور ایک تامل فلم میں آئٹم سانگ کیا۔

2000ء میں فلم ''آعاز ''اور فلم ''فضاء''میں جلوہ گر ہوئیں 2001ء کے دوران اداکارہ نے فلم ''میں جھوٹ نہیں بولتا''، ''نائیک '' اور فلم ''بس اتنا سا خواب ہے''میں پرفارم کیا۔ 2002ء میں فلم ''آنکھیں''،''تم کو نہ بھول پائیں گے'' اور''فی الحال''میںاپنی ادائوںکے جلوے دکھائے۔ 2003ء کے دوران اداکارہ کی فلم ''سمے'' اور ''پران جائے پر شان نہ جائے''ریلیز ہوئی ، 2004ء کے دوران ریلیز ہونے والی فلم ''واستو''،''میں ہوں ناں''اور فلم''پیسہ وصول''میں اداکارہ کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔

2005ء میں فلم ''چنگاری''، ''میںنے پیار کیوں کیا؟''، ''میںایساہی ہوں''، ''بے وفا''، ''کسنا'' اور ایک انگریزی کی فلم بھی کی۔2006ء کے دوران اداکارہ نے فلم''زندگی راکس''،''الگ'' میں کام کیا 2007ء میں رام گوپال ورما کی فلم ''آگ''میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔2009ء میں فلم ''کرما اور ہولی''اور فلم ''ڈونٹ ڈسٹرب ''میں پرفارمنس دی۔ 2010ء کے دوران سشمیتاسین کی دو فلمیں ''دولہا مل گیا''اور ''نوپرابلم''سینماگھروں کی زینت بنائی گئیں۔ بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی پرفارمنس نے شائقین کو متاثر کیا ہے اور ان کی شخصیت کی تو دنیا دیوانی ہے امید کی جاتی ہے کہ آنیوالی فلموں میں یادگار کردار نبھائیں گی جس کی وہ صلاحیت بھی رکھتی ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔