وفاقی کابینہ کا رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں توسیع کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں دیامربھاشا ڈیم کیلئےاراضی کےحصول اورمعاوضہ جات سمیت 18 نکاتی ایجنڈےکی بھی منظوری دی گئی

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاک انڈونیشیا دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی منظوری دی گئی فوٹو: پی آئی ڈی

پشاور:
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک میں رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں مزید 3 ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اس توسیع سے قبل افغان پناہ گزین دسمبر تک پاکستان میں رہ سکتے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں کابینہ نے دیامر بھاشا ڈیم کے لیے اراضی کے حصول اور معاوضہ جات کی منظوری دے دی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ سیلاب کے خطرات میں بھی کمی آئے گی جب کہ حکومت توانائی کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے جس کے لیےمختصر، درمیانے اور طویل مدتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے جب کہ حکومت داسو ڈیم کے لئے عالمی بینک سے فنانسنگ کا انتظام کر رہی ہے.


وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک میں رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں بھی مزید 3 ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اس توسیع سے قبل افغان پناہ گزین دسمبر تک پاکستان میں رہ سکتے تھے تاہم اب وہ مارچ 2017 تک یہاں قیام کر سکتے ہیں۔ کابینہ کے اجلاس میں پاک انڈونیشیا دفاعی تعاون کے معاہدے کی منظوری اور بیلاروس کے ساتھ کسٹم ٹریڈ ڈیٹا کے تبادلے کے لیے بات چیت کی بھی منظوری دی گئی جب کہ کابینہ نے ای سی سی کے 4 سال میں ہونے والے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔

کابینہ کے اجلاس میں اسٹیٹ بینک اور اردن کے مرکزی بینک میں ماہرین کے تبادلوں کے سمجھوتے کی منظوری سمیت نجکاری کمیٹی کے مختلف اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اس کے علاوہ اجلاس میں دُہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے سارک معاہدے پر دستخط کی منظوری سمیت کابینہ نے الیکٹرانک جرائم کی تحقیقات کا اختیار ایف آئی اے کو دےدیا ہے۔

Load Next Story