الطاف حسین کے خلاف حکومتی ریفرنس پر برطانوی حکومت نے باضابطہ جواب دیدیا

متحدہ بانی کے خلاف ریفرنس میٹروپولیٹن پولیس کو بھجوادیا، برطانوی ہوم آفس کا وزارت داخلہ کو مراسلہ 

متحدہ بانی کے خلاف ریفرنس میٹروپولیٹن پولیس کو بھجوادیا، برطانوی ہوم آفس کا وزارت داخلہ کو مراسلہ ، فوٹو؛ فائل

کراچی میں 22 اگست کو ہونے والی ہنگامہ آرائی پر حکومت کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس کا برطانوی حکومت نے باضابطہ جواب دے دیا جو وزارت داخلہ کو موصول ہوگیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستانی حکومت کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف برطانیہ کو بھیجے گئے ریفرنس پر برطانوی حکومت نے باضابطہ جواب دے دیا ہے۔ نمائندہ ایکسپریس نیوز کے مطابق برطانوی ہوم آفس کے اعلیٰ اہلکار کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھیجے گئے مراسلے میں کراچی میں 22 اگست کو پیش آنے والی صورتحال کی مذمت کی گئی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو باضابطہ ریفرنس بھجوا دیا گیا




مراسلے میں برطانوی ہوم آفس کی جانب سے کہا گیا ہےکہ حکومت پاکستان کے ریفرنس کو میٹروپولیٹن پولیس کو بھجوادیا گیا ہے، برطانوی پولیس پاکستان کی جانب سے دیئے گئے شواہد کا نہایت توجہ سے تجزیہ کرے گی اور مزید شواہد کی ضرورت کی صورت میں پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ ہوم آفس کے مراسلے میں مزید کہا گیا ہےکہ برطانیہ میں پولیس مکمل طور پر آزاد ہے اور قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہے، کراچی میں 22 اگست کو پیش آنے والے واقعہ کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: قائد ایم کیو ایم کے خلاف برطانیہ کو باضابطہ ریفرنس بھیج رہے ہیں، چوہدری نثار

واضح رہے کہ کراچی میں 22 اگست کو الطاف حسین کی متنازعہ تقریر کے بعد ہونے ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد حکومت نے متحدہ بانی کے خلاف برطانوی حکومت کو ریفرنس بھیجا تھا جس میں کراچی میں الطاف حسین کے خلاف درج مقدمے کی کاپی، میڈیا ہاؤس پر حملے کی تصاویر اور متنازعہ تقریر کا متن بھی بھجوایا گیا تھا۔

Load Next Story