بقرعید کی آمد ٹماٹر پیازسمیت سبزیاں مہنگی دالوں کے نرخ گرگئے

لہسن کی قیمت360روپے کلوتک پہنچ گئی،ایک ہفتے میںپیاز21اورٹماٹر20فیصد مہنگے، ایل پی جی کے ریٹ بھی8.5فیصدبڑھ گئے

آلو گندم آٹے انڈے سمیت16اشیاکی قیمتیں بلند،مرغی سستی،مہنگائی کی شرح میں0.5 فیصد کا اضافہ ہوگیا، پاکستان بیوروشماریات۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ISLAMABAD:
بقرعید کی آمد کے ساتھ ہی ملک میں سبزیاں مہنگی اور دالوں ومرغی کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔

پاکستان بیوروشماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں لہسن کی قیمت 360 روپے کلو تک پہنچ گئی جبکہ بعض شہروں میں ریٹ 320 روپے نوٹ کیے گئے، اسی طرح ملک میں صرف ایک ہفتے میں پیاز کے نرخ اوسطاً 21.23فیصد اور ٹماٹر کے 19.96 فیصدبڑھ گئے، اس طرح ایل پی جی بھی 8.49فیصد مہنگی ہوگئی، آلو، گندم، آٹے، انڈے، گڑ، ویجیٹیبل گھی، خشک دودھ، سرخ مرچ پسی ہوئی، بکرے کے گوشت، سپر پٹرول، اری 6چاول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔


مجموعی طور پر گزشتہ ہفتے 16 اشیا کے نرخ بڑھے جبکہ زندہ مرغی، کیلے، مونگ ماش مسور اور چنے کی دالوں، باسمتی ٹوٹا چاول اور چینی سمیت 8 اشیا کے نرخ میں نسبتاً معمولی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں ہفتہ وار بنیادوں پر حساس قیمتوں کے اشاریے پر مبنی افراط زر کی شرح میں 0.5 فیصد کا اضافہ ہوگیا۔

مہنگائی کا سب سے زیادہ اثر کم آمدن طبقے پر پڑا جو8 ہزارروپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.66 فیصد اور12 ہزار ماہانہ کمانے والوں کے لیے0.65فیصد ریکارڈ کیاگیا تاہم 18 ہزار ماہانہ آمدن والوں کے لیے قیمتوں میں 0.56 فیصد، 35ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے 0.51 فیصد اور35 ہزار روپے سے زائد ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں 0.42 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ سال کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح مجموعی طور پر 1.83فیصد بڑھی۔
Load Next Story