میجر راجا عزیز بھٹی شہید کو جام شہادت نوش کئے 51 برس ہوگئے

میجر عزیز بھٹی کو 23 مارچ 1966 کو پاکستان کا سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا


ویب ڈیسک September 11, 2016
میجرعزیز بھٹی 6 اگست 1928 میں ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے فوٹو : فائل

1965 کی جنگ میں وطن کی خاطر اپنی جاں نچھاور کرنے والے میجر راجا عزیز بھٹی نشان حیدر کو جام شہادت نوش کئے 51 برس ہوگئے۔

6 اگست 1928 میں ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والے راجا عزیز بھٹی کے خاندان نے قیام پاکستان سے قبل ضلع گجرات میں اپنے آبائی گاؤں لدیاں میں سکونت اختیار کرلی، راجا عزیز بھٹی نے 21 جنوری 1948 کو پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی۔ 1950 میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے پہلے ریگولر کورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں انہیں بہترین کارکردگی پرشہید ملت خان لیاقت علی خان نے بہترین کیڈٹ کے اعزازکے علاوہ شمشیر اعزازی اور نارمن گولڈ میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔

راجا عزیز بھٹی 1952 میں اعلیٰ فوجی ٹریننگ کے لیے کینیڈا بھی گئے۔ انہوں نے 1957 سے 1959 تک جی ایس سیکنڈ آپریشنز کی حیثیت سے جہلم اور کوہاٹ میں خدمات انجام دیں۔ 1960 سے 1962 تک پنجاب رجمنٹ جب کہ 1962 سے 1964 تک انفنٹری اسکول کوئٹہ سے وابستہ رہے۔ انہوں نے جنوری 1965 سے مئی 1965 تک سیکنڈ کمانڈ کے طورپر خدمات سرانجام دیں - 1965 کی جنگ میں راجا عزیز بھٹی کو بی آر بی نہر کے کنارے پر بہ حیثیت کمپنی کمانڈر تعینات کیا گیا مگر انہوں نے اپنے لیے او پی کی ذمہ داری سنبھالی۔ جہاں کئی دن تک بھوکے پیاسے رہ کر وہ مسلسل دشمنوں کا منہ توڑ مقابلہ کرتے رہے۔ دشمنوں کو شدید جانی اور جنگی سازوسامان کا نقصان اُٹھانا پڑا۔ راجا عزیز بھٹی کے وارسے بھارت کے دو ٹینک بھی تباہ ہوئے اوردشمن تازہ ترین کمک اور وافر اسلحہ ہونے کے باوجود ایک قدم آگے نہ بڑھ سکا۔

12ستمبر کی صبح طلوع عزیزبھٹی نے دیکھا کہ دشمن کی فوج کے ہزاروں سپاہی برکی سے شمال کی طرف درختوں کے پیچھے چُھپے ہوئے ہیں اور آہستہ آہستہ نہر کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ عزیز بھٹی نے فائرنگ شروع کردی۔ جس سے وہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔ میجر عزیز بھٹی دوبارہ نہر کی پٹری پرچڑھ کر دشمن کی نقل وحرکت کا جائزہ لینے لگے کہ دشمن نے بمباری شروع کردی۔ اپنے محاذ پر ڈٹے عزیز بھٹی ہر خطرے سے بے نیاز دشمن کا مقابلہ کررہے تھے کہ ایک گولہ ان کے سینے سے آرپار ہوگیا انہوں نے وہیں ملک وقوم کی آبرو کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کردیا۔ مادر وطن کے لئے اپنی جان نثار کرنے پر میجر عزیز بھٹی کو 23 مارچ 1966 کو پاکستان کا سب سے بڑے فوجی اعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔