جوہرٹاؤن لاہورمیں 50 ناجائزکوارٹروں سے بجلی وگیس چوری پکڑی گئی

بات سے بات‘‘کی ٹیم کاچھاپہ، قبضہ گروپ کے مبینہ سرغنہ چوہدری اشرف کاکارندہ گرفتار.


Monitoring Desk December 08, 2012
اشرف کو ایم این اے کی سرپرستی حاصل ہے،اہل علاقہ، افضل کھوکھرکی تردید. فوٹو: فائل

ایکسپریس کی ٹیم نے جوہر ٹائون کے بلاک ایچ ون میں 30 سال سے سڑکوں اور اس سے ملحقہ جگہ پر قبضہ کرکے ناجائز تعمیر شدہ پچاس سے زائد کوارٹروں میں کنڈے کے ذریعے لگائے گئے بجلی کے کنکشن کٹوا دیئے اور ایک شخص کو موقع سے گرفتار کرادیا۔

ان کوارٹروں کے مکینوں سے بجلی اور گیس سمیت تین ہزار روپے کرایہ لیا جا رہا تھا۔ایکسپریس نیوز کے پروگرام '' بات سے بات ''کی میزبان اور ان کی ٹیم پولیس کے ہمراہ جب موقع پر پہنچی تو مکینوں نے ان کو دیکھتے ہی کنڈے اتار دیے۔ مزید تفتیش کی گئی تو علم ہوا کہ ایک گھر کی گیس پائپ لائن سے ایک پائپ جوڑ کر گیس بھی چوری کی جا رہی تھی اور یہ گیس ایک ربڑ پائپ کے ذریعے ایک کوارٹر سے ہوتے ہوئے دیگر تمام کوارٹروں کو جا رہی تھی۔

پولیس نے قبضہ گروپ کے مبینہ سرغنہ چوہدری اشرف کے کارندے کو گرفتار کر لیا۔چوہدری اشرف نے فون پر کہا کہ انھوں نے کوئی بجلی چوری نہیں کی۔ لیسکو کے لائن مین ، ایس ڈی او قربان علی نے بتایا کہ بجلی چوری ان کے علم میں نہیں تھی، انھوںنے چیک کر لیا ہے، بجلی واقعی چوری ہو رہی ہے۔ وہ چوہدری اشرف کیخلاف نامزد پرچہ درج کر ائینگے۔ علاقے کے مکین کیپٹن (ر) مختار علی ٹیم کو بتایا کہ انھوں نے پندرہ ہزار روپے گیس کا بل جمع کرایا ہے۔

08

ایک مکان میں رہائشی طلباکا کہنا تھا کہ ان کو بیس ہزار روپے ادا کرنا پڑے ہیں۔ علاقے کے رہائشیوں نے الزام لگایا کہ چوہدری اشرف کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد افضل کھوکھر کی سرپرستی حاصل ہے۔ کیپٹن (ر) مختار علی کے ذریعے چوہدری اشرف سے دوبارہ رابطہ کیا گیا تو انھوں نے دھمکیاں دیں کو وہ ان سے نمٹ لیں گے۔ میاں توقیر نامی ایک شخص نے خود کو ایک نجی میڈیا گروپ کا اسسٹنٹ گروپ لیڈر بتاتے ہوئے مختار احمد سے کہا کہ ان کا نقصان پورا کر دیا جائیگا۔ میڈیا کی فکر نہ کی جائے وہ خود میڈیا ہیں۔ وہ پروگرام کو رکوا دینگے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پورا ملک ہی کرپٹ ہے ہر جگہ گیس اور بجلی چوری ہو رہی ہے۔

لیسکو کے ایس ڈی او قربان علی نے دوبارہ رابطہ کرنے پر بتایا کہ انھوں نے مقدمہ درج کرا دیا ہے وہ ایف آئی آر کی کاپی اور محکمے کی چھ ماہ کی کارگردگی رپورٹ بجھوا رہے ہیں مگر دونوں چیزیں ایکسپریس کو موصول نہیں ہوئیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما محمد افضل کھوکھر نے بتایا کہ جگہ پر قبضہ اور بجلی و گیس چوری ان کے علم میں نہیں۔وہ جوہر ٹائون کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کبھی قبضہ گروپ کی حمایت نہیں کی۔ ان کا نام غلط لیا گیا ہے وہ علاقے کا دورہ کر کے سخت ایکشن لینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں