ایک تھا مائیکل جیکسن
وہ میوزک کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں ایوارڈ وصول کرنے والا آرٹسٹ ہے
امریکی گلوکار،مائیکل جیکسن نے انگریزی ہی نہیں عالمی موسیقی میں ایسے نئے رحجان متعارف کرائے کہ آنے والا ہر سنگر ، کمپوزر اور فلم میکر اس کے انداز کی نقل کرنے لگا ۔یقیناً مائیکل ایسا لیجنڈ ہے جس کے چاہنے والے دنیا کے ہر کونے میں موجود ہیں۔جدا گانہ اسٹائل کے باعث وہ موسیقی کی دنیا کا بے تاج بادشاہ کہلایا ۔مائیکل کے حوالے سے چند دلچسپ حقائق پیش ہیں :
٭وہ میوزک کے حوالے سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں ایوارڈ وصول کرنے والا آرٹسٹ ہے۔ اب تک کوئی دوسرا سنگر یہ ریکارڈ توڑ نہیں پایا۔اس نے 23بارگینیس ورلڈ ریکارڈ ،40 مرتبہ بل بورڈ ،13گریمی اور26امریکن میوزک ایوارڈ حاصل کیے ۔مائیکل کو صدی کا سب سے زیادہ کمانے اور سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے گلوکار ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
٭مائیکل کا مشہور زمانہ ڈانس''مون واک''فرانسیسی فنکار،مارسل ماتسو( Marcel Marceau)کا عام ناچ تھا جو اسے وہ شہرت نہ دے سکا جو مائیکل کے حصہ میں آئی ۔
٭عوام کے سامنے پہلی پر فارمنس کے وقت مائیکل کی عمر محض پانچ سال تھی۔اس نے 'Climb Every Mountain'گانا گایا تھا۔
٭مائیکل جیکس کا شہرہ آفاق البم ''تھرلر'' سب سے زیادہ فروخت ہونے کا ریکارڈ رکھتا ہے۔ اب تک اس کی 42.4 ملین کاپیز بک چکی ہیں۔
٭تھر لر کے علاوہ اس کے دوسرے سب سے زیادہ ہٹ اور فروخت ہونے والے البم Bad اور Dangerous ہیں ۔
٭مائیکل کو بچوں سے خصوصی محبت تھی۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ مائیکل کا اپنا بچپن بہت کسمپرسی کی حالت میں گزرا تھا ۔ لاچار ،یتیم اور مسکین بچوں سے وابستگی کے اظہار کے لیے وہ اپنے بازو پر ہمہ وقت سیاہ رنگ کا بینڈ باندھے رکھتا ۔
٭ 1984ء میںمائیکل کو 8گریمی ایوارڈ دئے گئے۔ یہ ایک ریکارڈ ہے۔
٭مائیکل کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی پوری زندگی میں صرف دو بار پلاسٹک سرجری کرائی۔ پہلی بار ناک اور پھر تھوڑی کی۔1979ء میں ایک ڈانس پرفارمنس کے دوران گرنے کی وجہ سے اس کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی ۔چنانچچہ اسے پلاسٹک سرجری کرانا پڑی لیکن اس کے قریبی افراد کا دعوی ہے کہ مائیکل نے اپنے پورے جسم کی کاسمیٹک اور پلاسٹک سرجری کرا رکھی تھی۔