عدلیہ منتخب حکومت کو گھر بھیجنے جیسے فیصلوں سے دور رہےفضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام کی منتخب حکومت کو گھر بھیجنے جیسے فیصلے غیر جمہوری ہیں، عدلیہ کے شایان شان یہ ہے کہ وہ اس قسم کے فیصلوں سے دور رہے ۔
اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بلوچستان میں بدامنی کا ذمہ دار سیکورٹی اداروں کو ٹھہرایا لیکن فیصلہ صوبائی حکومت کے خلاف دیا گیا ۔ بلوچستان حکومت کے بارے میں عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ عام انتخابات کے امکان کو مسترد کرتے ہیں۔ اس قسم کا کوئی بھی فیصلہ ان کی جماعت کے لئے قابل قبول نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہری شہریت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ درست ہے اس سلسلے میں وہ کسی قانون سازی کی حمایت نہیں کریں گے۔ کالاباغ ڈیم کے سلسلے میں عدالت کے فیصلے سے صوبوں کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔