صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پوری قوم کو ملالہ یوسف زئی پر فخر ہے۔
صدر آصف زرداری نے برطانیہ کے شہر برمنگھم کے کوئن الزبتھ اسپتال میں زیر علاج ملالہ یوسف زئی کی عیادت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر زرداری کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسف زئی قوم کی قابل فخر بیٹی ہے۔ پاکستانی قوم کو ملالہ پر فخر ہے۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل سوات میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے اپنی آواز بلند کرنے والی 15 سالہ ملالہ ہوسف زئی قاتلانہ حملے میں شدیدزخمی ہوگئی تھیں،حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔
ملالہ یوسف زئی کو قاتلانہ حملے کے بعد پشاور اور راولپنڈی کے ملٹری اسپتالوں میں زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں مزید علاج کے لئے برطانیہ کے کوئن الزبتھ اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اب وہ روبصحت ہیں۔