مسافر ٹرین اور مال گاڑی میں تصادم
ریلوے کے سفر کو دنیا بھر میں محفوظ ترین سمجھا جاتا ہے لیکن پاکستان میں اکثر ٹرین حادثات ہوتے رہتے ہیں۔
عیدالاضحی کے تیسرے روز ملتان میں شیر شاہ جنکشن کے قریب مسافر ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہو گئے جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ عوام ایکسپریس کو پیش آیا جو پشاور سے براستہ لاہور کراچی جا رہی تھی' یہ حادثہ کیسے ہوا اور اس کا ذمے دار کون ہے' اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ ریلوے کے سفر کو دنیا بھر میں محفوظ ترین سمجھا جاتا ہے لیکن پاکستان میں اکثر ٹرین حادثات ہوتے رہتے ہیں۔
ہمارے ملک میں ذمے داری کے فقدان اور جوابدہی کا عمل نہ ہونے کی بنا پر ریاستی ڈھانچہ زوال کا شکار ہے۔ شیر شاہ جنکشن کے قریب مسافر ٹرین اور مال گاڑی کے درمیان تصادم یقیناً کہیں نہ کہیں ہونے والی کسی غلطی کا نتیجہ ہے' اگر یہ غلطی نہ ہوتی تو حادثہ بھی نہ ہوتا۔ پاکستان میں ہر حادثے کے بعد تحقیقاتی کمیٹی بنائی جاتی ہے لیکن اس کمیٹی کی سفارشات کبھی سامنے نہیں آتیں اور اگر سفارشات آ جائیں تو ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ بعض اوقات کسی ایک اہلکار کو قربانی کا بکرا بنا کر بااثر افراد کو بچا لیا جاتا ہے۔ شیر شاہ جنکشن پر ہونے والے حادثے کی بھی یقینی طور پر رپورٹ تیار ہو گی' اب دیکھنا یہ ہے کہ اس حادثے کی ذمے داری کس پر ڈالی جاتی ہے اور مستقبل میں ایسے حادثے کی روک تھام کے لیے کیا اقدام کیے جاتے ہیں۔