بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

حادثے میں ایک شخص ہلاک اور 4 زخمی ہوئے


ویب ڈیسک September 16, 2016
ہیلی کاپٹر مجھے اور اہلیہ کو کمرشل کی ریکارڈنگ کے لئےرائل ٹیولپ سی ریزورٹ میں چھوڑ کر واپس ڈھاکا جارہا تھا،شکیب الحسن : فوٹو : فائل

بنگلا دیش کے مایہ ناز آل راؤنڈر شکیب الحسن اور ان کی اہلیہ کو ڈھاکا کے قریبی علاقے میں چھوڑ کر واپس جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے مایہ نازآل راؤنڈر کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوگئے ۔اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر مجھے اور اہلیہ کو کمرشل کی ریکارڈنگ کے لئے بازار ٹاؤن کے قریب رائل ٹیولپ سی ریزورٹ میں چھوڑ کر واپس ڈھاکا جارہا تھا کہ صرف ڈیڑھ کلومیٹر کی اڑان بھرنے کے بعد ہی اینانی کے ساحل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت بھی ہوئی ہے جس کی شناخت شاہ عالم کے نام سے ہوئی ہے۔ جب کہ زخمی ہونے والے 4 افراد میں ریٹائرڈ پائلٹ ونگ کمانڈر شفیق الاسلام بھی شامل ہیں جنہیں قریبی نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے کچھ کہہ نہیں سکتا تاہم حادثے کا سن کر دھچکا لگا اور اب تک صدمے کی حالت میں ہوں تاہم شکر ادا کرتا ہوں کہ میں اور میری اہلیہ ہیلی کاپٹر میں سوار نہیں تھے اور اس وقت شوٹنگ میں مصروف تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں