پاک بھارت سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی چیئرمین بورڈ

بلائنڈ کپتان کے کیمیکل پینے کا واقعہ سازش نہیں بلکہ حادثہ تھا، تیزاب نہیں دیاگیا ویٹر نے غلطی سے ڈیٹرجنٹ رکھ دیا تھا


Sports Reporter December 09, 2012
سلیکٹرز نے ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں پلیئرز کی کارکردگی پر نظر رکھی، فائنل کے بعد باہمی مشاورت سے کل سیریز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان کردیا جائے گا۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

چیئرمین پی سی بی ذکااشرف نے کہا ہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف کے بھارت میں کیمیکل پینے کا واقعہ کوئی سازش نہیں بلکہ حادثہ تھا، انھیں تیزاب نہیں دیا گیا، ویٹر نے غلطی سے ڈیٹرجنٹ رکھ دیا تھا۔

ایک فرد کی کوتاہی سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات متاثر نہیں ہوسکتے، پاک بھارت سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی، قومی ٹیم میں کھلاڑیوں کے انتخاب پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں،سلیکٹرز نے ڈومیسٹک ٹوئنٹی20 ٹورنامنٹ میں پلیئرز کی کارکردگی پر نظر رکھی، فائنل کے بعد باہمی مشاورت سے حتمی اسکواڈز کا اعلان پیر کو کردیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی کو تیزاب پلائے جانے کی خبریں گردش میں رہیں، کسی کو اس کارروائی سے فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے گرین شرٹس کرکٹرز کیخلاف سازش کی بو آئی تو کسی نے اسے پاک بھارت کرکٹ تعلقات کی بحالی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا حربہ قرار دیا۔کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ میزبان ٹیم کی پاکستان کے ہاتھوں 8 وکٹ سے شکست کا بدلہ لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے واضح کیا کہ ایسی اطلاعات درست نہیں،جب سے معاملہ سامنے آیا متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں، ذیشان عباسی کو تیزاب نہیں پلایا گیا بلکہ ایک ویٹر نے غلطی سے ڈیٹر جنٹ رکھ دیا، ناشتے کیلیے ٹیبلز پر5 ٹیمیں موجود تھیں مگر اتفاق سے کیمیکل والی بوتل پاکستانی کرکٹر کے ہاتھ لگ گئی، اس غلطی پر ہوٹل انتظامیہ نے معافی مانگ لی۔

01

قصور وار شخص کو معطل بھی کردیا گیا،ذیشان عباسی صحتیاب ہوکر اسپتال سے واپس آچکے، انھوں نے پاک بھارت سیریز متاثر ہونے کے خدشات رد کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص کی کوتاہی سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب نہیں ہو سکتے، پاکستانی ٹیم پروگرام کے مطابق بھارت کا دورہ کریگی، میچز کا شیڈول بھی تبدیل نہیں ہوگا۔

دریں اثناء ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ذیشان عباسی کیمیکل کیس کے حوالے سے تحقیقات کیلیے بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن اور پی سی بی کا ایک نمائندہ بنگلور پہنچ گیا جبکہ اس کی ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔

ایک سوال پر ذکا اشرف نے کہا کہ روایتی حریف کے خلاف سیریز کیلیے قومی کرکٹ ٹیم میں بعض کھلاڑیوں کو ان یا آئوٹ کئے جانے کی اطلاعات قیاس آرائیاں ہیں، سلیکٹرز نے قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، فائنل میچ کے بعد ٹیم مینجمنٹ کی باہمی مشاورت سے پیر کو اسکواڈز کا اعلان کردیا جائے گا، انھوں نے واضح کیا کہ ایک، دومیچز نہیں پورے ایونٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو مد نظر رکھتے ہوئے سلیکشن ہوگی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ڈومیسٹک ایونٹ ہر حوالے سے بڑا کامیاب رہا، سیکیورٹی کے انتظامات بہترین تھے، کھلاڑیوںکو صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع ملے اور نیا ٹیلنٹ سامنے آیا، مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کے انعقاد کیلیے مزید سہولتیں اور وسائل فراہم کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں