مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کی بربریت جاری مزید ایک کشمیری شہید

بھارتی فوجیوں کے مظالم کے باعث 8 جولائی سے اب تک 104 کشمیری شہید ہوچکے ہیں


ویب ڈیسک September 17, 2016
بھارتی فوجیوں کے مظالم کے باعث 9 جولائی سے لیکر اب تک 104 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید ایک بے گناہ کشمیری شہید ہوگیا جس کے بعد گزشتہ 71 روز میں جام شہادت نوش کرنے والے کشمیریوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر میں بھارتی فوج کے مظالم کے باعث مزید ایک بے گناہ کشمیری سر پر چھرہ لگنے سے شہید ہوگیا جس کے بعد وادی میں گزشتہ 71 روز کے دوران بھارتی فوج اور دیگر پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے کشمیریوں کی تعداد 104 تک پہنچ گئی ہے جب کہ علاقے میں بدستور کرفیو نافذ ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے سری نگر سمیت متعدد علاقوں میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں کی جانب سے کپواڑہ، کلگام اور بڈگام سمیت دیگر علاقوں میں آزادی مارچ کیا جائے اور 22ستمبر تک ہڑتال اور مظاہروں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض فوج کی جانب سے لگائے گئے کرفیو اور ہڑتال کے باعث تمام تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں8 جولائی کو بھارتی فوج کے ہاتھوں تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر بربان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے جنت نظیر وادی میں بھارتی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال سے اب تک 800 سے زائد افراد کی بینائی بھی متاثر ہو چکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں