پریمیئر لیگ پاکستان نے لورگاٹ کی خدمات حاصل کرلیں

حتمی اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا، ہر ماہ کچھ دن لاہور میں گذار کر مشورے دینگے

پاکستان ایونٹ کیلیے مزید2 کنسلٹنٹس کا تقرر بھی کرنا چاہتا ہے، ذرائع فوٹو: فائل

پاکستان نے مجوزہ پریمیئر لیگ کیلیے سابق آئی سی سی چیف ہارون لورگاٹ کی خدمات حاصل کرلیں۔

حتمی اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا، وہ ہر ماہ چند روز لاہور میں گذار کر ایونٹ کی تیاریوں میں مدد کریں گے، پی سی بی مقامی کنسلٹنٹس کے تقرر کیلیے بھی اشتہار جاری کرنے والا ہے، پہلے ہی2 افراد یہ ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں عہدے کی معیاد مکمل ہونے کے بعد بھی لورگاٹ کھیل سے مسلسل جڑے ہوئے ہیں، پہلے سری لنکا نے خطیر معاوضہ دے کر ان کی خدمات حاصل کیں۔

انھوں نے وہاں کے کرکٹ معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تفصیلی رپورٹ پیش کی جس پر عمل درآمد کا اعلان بھی کیا گیا ہے، وہ چند روز قبل پاکستان آئے تو پی سی بی نے کہا تھا کہ انھیں کوئی ذمہ داری سونپنے کاارادہ نہیں ہے، تاہم اب صورتحال تبدیل ہو گئی، باخبرذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ لورگاٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات طے پا گئے اور وہ آئندہ برس مارچ، اپریل میں شیڈول مجوزہ پریمیئر لیگ کے حوالے سے خدمات انجام دیں گے،آئندہ چند روز میں معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد ان کی تقرری کا باضابطہ اعلان بھی کر دیا جائے گا۔




لورگاٹ ہر ماہ چند روز لاہور میں گذار کر پی سی بی کی رہنمائی کریں گے،ان کی آمد سے غیرملکی کھلاڑیوں کو پاکستان بلانے میں مددکے ساتھ ایونٹ کی مارکیٹنگ کے حوالے سے بھی مفید مشورے ملیں گے، کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹیو ہونے کی وجہ سے وہ تمام کرکٹ بورڈز میں گہرا اثرورسوخ رکھتے اور اچھی شہرت کے حامل ہیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان ایونٹ کیلیے مزید2 کنسلٹنٹس کا تقرر بھی کرنا چاہتا ہے، سلمان سرور بٹ اور بدر رفاعی پہلے ہی پروجیکٹ سے منسلک ہیں، اس حوالے سے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی سی بی ٹیم کے دورئہ جنوبی افریقہ کے بعد مارچ کے اواخر میں پریمیئر لیگ شروع کرنا چاہتا ہے،میچز اپریل کے پہلے ہفتے تک جاری رہیں گے۔
Load Next Story