کولکتہ ٹیسٹ شکست کے سیاہ بادل بھارتی ٹیم پر منڈلانے لگے

ٹیل اینڈر ایشون کی مزاحمت سے اننگز کی ہار ٹلی، میچ آخری دن تک چلا گیا، میزبان کے 9 وکٹ پر 239 رنز، محض 32 کی برتری

انگلینڈ کیخلاف کولکتہ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کے بولڈ ہونے کا منظر، انھوں نے 49 رنز اسکور کیے۔ فوٹو: بی سی سی آئی

کولکتہ ٹیسٹ میں شکست کے سیاہ بادل بھارتی ٹیم پر منڈلانے لگے۔

ٹیل اینڈر ایشون کی مزاحمت سے میچ آخری دن تک چلا گیا، دوسری باری میں میزبان نے 239 پر 9 وکٹیں گنوادیں،اسے محض 32 رنز کی برتری حاصل ہے، چوتھے دن کے اختتام تک روی چندرن ایشون نے اپنے سپر اسٹار بیٹسمینوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے ناٹ آئوٹ 83 رنز بنالیے، پراگیان اوجھا 3 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، اسٹیون فن نے 3 جبکہ جیمز اینڈرسن اور گریم سوان نے2،2 وکٹیں لیں۔

تفصیلات کے مطابق روی چندرن ایشون کی وجہ سے بھارت کی شکست وقتی طور پر تو ٹل چکی مگر پانچویں روز اتوار کی صبح ہی میچ کا اختتام انگلش فتح کے ساتھ ہوتا صاف دکھائی دے رہا ہے۔ دوسری اننگز میں بھی میزبان بیٹسمین مہمان بولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہے، چوتھے روز لنچ تک بھارت کا کھیل پر کنٹرول رہا، پہلے اس نے صرف 14 رنز کے دوران انگلینڈ کی باقی چار وکٹیں حاصل کرلیں، گریم سوان (21) اوجھا کی گیند پر سہواگ کا کیچ بنے۔




میٹ پرائر (41) کو پراگیان اوجھا نے دھونی کی مدد سے قابو کیا، جیمز اینڈرسن (9) ایشون کی وکٹ بنے، کیچ سہواگ نے تھاما، مونٹی پنیسر بغیر کوئی رن بنائے ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، فن 4 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، انگلینڈ نے 523 رنز بنا کر 207 کی سبقت حاصل کی، لنچ تک اوپنرز گوتم گمبھیر اور سہواگ نے اسکور86 تک پہنچا کر بھارت کے حوصلے بلند کیے مگر بُرا وقت ان سے زیادہ دور نہیں تھا، سہواگ کا 7 کے انفرادی اسکور پر کیچ ڈراپ کرنے والے سوان نے غلطی کی تلافی کرتے ہوئے اوپنر کو 49پر بولڈ کردیا، اس کے ساتھ ہی میزبان سائیڈ پھر دبائو میں آگئی۔

کچھ دیر بعد گمبھیر نے ایک مشکل سنگل کیلیے چتیشور کو آواز دی جو اپنے سینئر بیٹسمین کے حکم کی بجا آوری میں8 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، ای ین بیل کی ڈائریکٹ ہٹ کام کرگئی۔ گمبھیر 40 رنز پر اسٹیون فن کی ریوس سوئنگ کا شکار ہوئے کیچ پرائر نے تھاما، ٹنڈولکر صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں سوان نے ٹروٹ کی مدد سے میدان بدر کیا، یوراج سنگھ (11) اور کپتان دھونی (0) اینڈرسن کی وکٹ ثابت ہوئے، کوہلی (20) کو فن نے پرائر کا کیچ بنانے کے بعد ظہیر خان کوصفر پر ایل بی ڈبلیو کیا، ایشانت شرما (10) پنیسر کی وکٹ ثابت ہوئے، ایشون 83 اور اوجھا 3 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سیریز میں ابھی تک ایشون اسپنر سے زیادہ بطور بیٹسمین زیادہ کامیاب رہے، پجارا کے بعد انھوں نے سب سے زیادہ 50 پلس کی ایوریج سے رنزاسکور کیے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story