ڈی جی رینجرزہمارے بڑے ہیں اوریہ وقت سب باتیں بھول کرآگے بڑھنے کا ہے وسیم اختر

ہم نے اس ملک کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور ہم فاروق ستار کی قیادت میں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں،میئر کراچی


ویب ڈیسک September 17, 2016
کسی افسر کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ جھوٹے مقدمات بنائے، وسیم اختر فوٹو: ایکسپریس/فائل

میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ڈی جی رینجرز ہمارے بڑے ہیں اور وہ ان سے یہی کہیں گے کہ سب باتیں بھول کر اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے میئرکراچی وسیم اختر نے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات بنائے گئے ہیں،ایک دن میں صرف ضلع ملیرمیں ان کے خلاف 35 مقدمات بنائے گئے، ان کا مقصد مجھے کام کرنے سے روکنا ہے، کسی افسر کو حق نہیں پہنچتا کہ وہ جھوٹے مقدمات بنائے، چوہدری نثار کو ان واقعات کا نوٹس لینا چاہیے، ان سے جو ہوسکتا ہے وہ جیل سے کررہے ہیں، وہ مقدمات کا سامنا کرنے کے لیے تیارہیں لیکن شہر کے مفاد میں انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔

وسیم اخترنے مزید کہا کہ ملک مخالف بیانات غداری کے زمرے میں آتے ہیں ، ہم بانی متحدہ کے ملک دشمن بیان سے لاتعلقی کا اظہارکرتے ہیں ، ہوسکتا ہے ماضی میں ان سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں، ڈی جی رینجرزہمارے بڑے ہیں وہ ان سے بھی یہی کہیں گے کہ سب باتیں بھول کر اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔ ان پرسیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کا کوئی دباؤ نہیں، ہم نے اس ملک کی خاطرقربانیاں دی ہیں، ہم فاروق ستار کی قیادت میں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے مل کراس کی ترقی کے لیے کام کرنے دیا جائے۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کا کراچی کے معاملات میں دلچسپی لینا خوش آیند ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پرگورنر بھی ڈپٹی میئر کے ساتھ دورے پرگئے، آئی جی سندھ ہمارے بڑے ہیں،ان سے بھی یہی کہوں گا کہ غلطیاں بھول جائیں، وہ ڈی جی رینجرزسے بھی کہتے ہیں، آپ کے بھی تعاون کی ضرورت ہے، شہرمیں تجاوزات ختم کرانے ہیں، کئی ایسے علاقے ہیں جہاں تعاون درکار ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں