میڈیا مالکان تعلیم کی تباہی کے ذمے دار ہیں پیر مظہر

سیکڑوں سرکاری اساتذہ میڈیا اداروں میں کام کرتے ہیں، نشاندہی پر دھمکیاں دی گئیں

موجودہ حکومت نے17سو بند اسکول کھولے، صوبائی وزیر کا ٹنڈو باگو میں خطاب فوٹو: فائل

KARACHI:
سندھ کے سینئر وزیر تعلیم پیر مظہر الحق نے کہا ہے کہ میڈیا مالکان سندھ میں تعلیم کی تباہی کے ذمے دار ہیں۔

میڈیا کے اداروں میں سیکڑوں سرکاری اساتذہ صحافت سے وابستہ ہیں، وہ صحافت کی آڑ میں ڈیوٹی سرانجام نہیں دیتے اور گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرتے ہیں۔ ٹنڈوباگو کے گوٹھ علی نواز چانڈیو میں گرلز اسکول کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 353 صحافی اساتذہ کی فہرست سندھ اسمبلی میں پیش کی تھی جس کے بعد میڈیا مالکان کی جانب سے انہیں دھمکیاں دی گئیں کہ حکومت ختم ہونے کے بعد تمہارا بُرا حشر کردیں گے۔




انھوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کی دھمکیوں سے نہیں ڈرا تو میڈیا مالکان کی دھمکیوں سے کیا خوفزدہ ہونگا۔ سندھ میں ہماری حکومت سے پہلے 17سو اسکول بند پڑے تھے ضلعی حکومتوں کے خاتمے کے بعد 1500 اسکول کھولے گئے ہیں اور 1100 گھوسٹ، اسکولوں کی نشاندہی پر وہ اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لیے موجودہ حکومت نے 14000 اساتذہ بھرتی کیے ہیں اور آئندہ ماہ 19000 مزید اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے خان بہادر، میر غلام محمد خان تالپور ہائر سیکنڈری اسکول ٹنڈوباگو میں منعقدہ تقریب میں ذہین طلبہ میں انعامات اور شیلڈ تقسیم کیں، انہوں نے اسکول کی تاریخی عمارت کی تعمیر کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔
Load Next Story