فلم ابھی باقی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔

بولی وڈ میں سیکوئیل کی نسبت ری میکنگ کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔


نرگس ارشد رضا September 18, 2016
شاہ رخ خان کی فلم ڈان تھری بھی سیکوئیل فلم کی فہرست میں شامل ہے فوٹو: فائل

KOHISTAN: عام طور پر ان فلموں کا سیکوئل بنایا جاتا ہے جن کی کہانی میں جان ہو جن کے کرداروں کے بارے میں لوگ جاننا چاہتے ہوں کہ آگے کیا ہوگا؟

کس کیریکٹر کے ساتھ کیا ہونا چاہیے۔ بولی وڈ میں سیکوئیل کی نسبت ری میکنگ کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔ اس کی وجہ پرانی فلموں کی کہانی اور ان کے کرداروں کو نئے زمانے میں ڈھال کر پیش کرنے کی خواہش ہے۔ لوگ اس بات میں دل چسپی بھی رکھتے ہیں کہ ایک رول جو مدھو بالا نے کسی فلم میں کیا تھا وہی کردار آج اگر انوشکا یا دیپیکا یا پھر کوئی اور نئی ایکٹرس کرے تو کیسی لگے گی؟ یہی حال دوسرے کرداروں کا بھی ہے۔ لیکن بہت کم ایسی فلمیں ہیں جن کا سیکوئل بنایا گیا ہو۔ حالاںکہ یہ بھی ایک زبردست تجربہ ثابت ہو سکتا ہے۔ سیکوئیل فلم کی کہانی کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھاتا ہے اور کسی بھی رول میں گنجائش بھی پیدا کرتا ہے۔ بولی وڈ میں جن فلموں کا سیکوئل بن رہا ہے وہ یہ ہیں:

٭اے بی سی ڈی 3: اس سے پہلے اس فلم کے اے بی سی ڈی 1 اے بی سی ڈی 2کے نام سے سیکوئل بنائے جاچکے ہیں۔ یہ ایسی فلم تھی جس نے اپنی لاگت سے بڑھ کر کمایا۔ پہلے ہفتے کی کمائی ایک سو چھے کروڑ سے بھی بڑھ کر تھی۔ ڈانس ماسٹر ریمو ڈی سوزا کی بہ حیثیت ڈائریکٹر پہلی فلم دونوں فلموں کی کام یابی نے انہیں اے بی سی ڈی 3بنانے پر مجبور کیا۔ یقیناً شائقین بھی اس بہترین فلم کو ایک بار پھر سے بڑے پردے پر دیکھنا پسند کریں گے۔

٭ہیراپھیری 3: اس سے قبل بھی ہیرا پھیری کے دو حصے ہیرا پھیری اور پھر ہیرا پھیری کے نام سے بنائے جاچکے ہیں۔ مزاح اور اوور ایکٹنگ سے بھرپور اس فلم نے بے پناہ پزیرائی حاصل کی تھی۔ ہیرا پھیری 3کی کاسٹ میں اس کی پرانی کاسٹ اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پاریش راول کے ساتھ جان ابراہام بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

٭دبنگ3: سلمان خان کے چاہنے والے خوش ہوجائیں کہ ایک بار پھر ان کے پسندیدہ ہیرو دبنگ رول میں نظر آئیں گے۔ دبنگ اور دبنگ 2کے نام سے بنائی گئی سلو میاں کی دونوں فلمیں سپر ہٹ ہوئی تھیں۔ اسی تناسب کو دیکھتے ہوئے دبنگ تھری کے نام سے پھر فلم اناؤنس کی گئی ہے۔ سلمان کے ساتھ تیسری بار بھی سوناکشی سنہا ہیروئن کے روپ میں ہیں یہ فلم 2017کو عید کے موقع پر ریلیز ہو گی ۔

٭سن آف سردار: اجے دیوگن، سنجے دت، سوناکشی سنہا اور جوہی چاولہ جیسے بڑے ناموں سے سجی اس کامیڈی فلم میں کہانی نام کی کوئی چیز ہی نہیں۔ اوٹ پٹانگ حرکتوںاور مزاحیہ ڈائیلاگز کی بنا پر اس نے باکس آفس پر کامیڈی کے جھنڈے گاڑ دیے تھے اس لیے سن آف سردار کا سیکوئیل اسی نام سے اور اسی قسم کا ہی بنایا جارہا ہے یہ فلم بھی اگلے سال ریلیز ہوگی۔

٭راک آن 2: فرحان اختر اور شردھا کپور کی میوزیکل فلم راک آن ایک کام یاب فلم میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی وجہ فلم کے گانے اور موسیقی ہے، جس نے سب ہی کے دل موہ لیے تھے۔ اسی لیے ڈائریکٹر شجاعت سوداگر نے اس کا سیکوئیل راک آن ٹو کے نام سے بنانے کا ارادہ کیا۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کی دیگر کاسٹ میں ارجن رام پال، پورب کوہلی اور پراچی ڈیسائی شامل ہیں۔ موسیقی پسند کرنے والوں کے لیے راک آن ٹو یقیناً خاص فلم ہوگی۔

٭تھری ایڈیٹس: عامرخان کی اس فلم میں کام یابی کے کئی نئے ریکارڈ قائم کیے۔ یہ اب تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ٹاپ تھری فلموں میں شمار ہوتی ہے۔ تھری ایڈیٹس ہر طرح سے ایک مکمل فلم تھی، جس کا ہر کردار انگوٹھی میں نگینے کی طرح فٹ تھا۔ ایک انٹرویو میں فلم کے ڈائریکٹر راج کمار ہیرانی نے اپنی اس خواہش کا ارادہ کیا کہ وہ اس شان دار فلم کا سیکوئیل بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے ان کے پاس بہترین آئیڈیا اور کہانی ہے۔ جلد ہی وہ اسے عامر سے ڈسکس کریں گے اور ان کی طرف سے گرین سگنل ملتے ہی اس پر کام شروع کردیا جائے گا۔ یقیناً یہ وہ واحد فلم ہوگی جس کے سیکوئیل کا ہر کسی کو انتظار ہو گا۔

٭دھوم 4: ایکشن، منظر نگاری، موسیقی، رنگا رنگ گلیمر اور ویژول ایفکٹس سے بھرپور فلم دھوم کا چوتھا پارٹ بنایا جارہا ہے۔ اس فلم کے پہلے دھوم 1،2 اور دھوم تھری کے نام سے سیکوئیل بنائے گئے تھے۔ اب دھوم 4کی کاسٹ میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔ ولین یا چور کے لیے پہلے سلمان خان سے رابطہ کیا گیا تھا، جنہوں نے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ منفی رول نہیں کرنا چاہتے۔ بعدازاں اس کردار کو شاہ رخ خان سے کرانے کا ارادہ کیا گیا۔ کنگ خان دھوم فور میں چور بنیں گے جب کہ پولیس آفیسر جے ڈکشٹ کا رول، جسے اس سے پہلے تینوں سیکوئلز میں ابھشیک بچن نے کیا تھا، اب رنویر سنگھ کریں گے۔

٭جولی ایل ایل بی ٹو: حال ہی میں ریلیز ہونے والی اکشے کمار کی فلم رستم نے باکس آفس پر کام یابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اکشے ایک وراسٹائل ایکٹر ہیں، جو ہر کردار چاہے وہ ایکشن ہیرو کا ہو یا رومانوی ہیرو کا مزاحیہ ہو یا منفی۔ اس میں اپنی جان دار اداکاری سے یاد گار بنا دیتے ہیں۔ ان کی فلم جولی ایل ایل بی جس میں انہوں نے ایک وکیل کا رول کیا تھا یہ بھی اکشے کی کام یاب فلم تھی جس کا سیکوئل جولی ایل ایل بی ٹو کے نام سے بنایا جارہا ہے۔

٭اسٹوڈنٹ آف دی ایئر: کرن جوہر پروڈکشن کے تحت بننے والی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر سال کی کام یاب فلم تھی، جس میں ورردھون اور سدھارتھ ملہوترہ نے عالیہ بھٹ کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ اب کرن جوہر نے باضابطہ طور اس فلم کا سیکوئیل اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2کے نام سے بنانے کا اعلان کیا ہے، جس میں اب ٹائیگر شیروف ورودھون کی جگہ نظر آئی گے یہ فلم پونیت ملہوترہ ڈائریکٹ کریں گے۔

٭مردانی: رانی مکھرجی کی شادی کے بعد ریلیز ہونے والی فلم مردانی گو کہ باکس آفس پر کوئی خاص دھماکا نہ کرپائی، لیکن اس کہانی اور پلاٹ کو تنقید نگاروں نے بھی بے حد سراہا۔ اس لیے اب فلم کے ڈائریکٹر پریپ سرکار اس فلم کا سیکوئیل مردانی ٹو کے نام سے بنانے جا رہے ہیں، جس کی نئی کاسٹ میں امیتابھ بچن اور ورودھون شامل ہوں گے۔ یقیناً ان دونوں کا ایک ساتھ کاسٹ کیا جانا شائقین فلم کے لیے دل چسپی سے خالی نہ ہوگا۔

٭گول مال: سیکوئلز فلموں میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلم روہیت شیٹھی کی گول مال ہے، جس کے اب تک تین سیکوئیل باکس آفس پر شان دار کام یابی حاصل کرچکے ہیں۔ اب روہیت نے گول مال 4 بنانے کا ارادہ کیا ہے، جس کی کاسٹ میں کرینہ کپور کی جگہ عالیہ بھٹ کو شامل کیا جائے گا، جب کہ دیگر کاسٹ وہی رہے گی۔ یقیناً ہنسی اور مزاح کا طوفان ایک بار پھر آنے والا ہے۔

٭سلطان: سلمان خان کی حالیہ عید پر ریلیز ہونے والی فلم سلطان نے بے پناہ کام یابی اور شہرت حاصل کرکے کئی بڑی کام یاب فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس لیے اب سلطان کا سیکوئیل بنانے کا ارادہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ فلم کے پروڈیوسر ادیتہ چوپڑا نے سلطان کے ڈائریکٹر علی عباس ظفر کو سلطان ٹو کا اسکرپٹ لکھنے کو کہا ہے، جب کہ سلمان خان نے بھی ایک بار پھر سلطان بننے اور اکھاڑے میں اترنے پر اپنی آمادگی ظاہر کردی ہے۔ دھوم کے بعد سلطان یش راج فلمز کے تحت دوسری بڑی سیکوئیل فلم میں شمار ہوگی۔

٭ڈان تھری: شاہ رخ خان کی فلم ڈان تھری بھی سیکوئیل فلم کی فہرست میں شامل ہے۔ فرحان اختر فلم کے ڈائریکٹر فرحان اختر نے ڈان تھری میں پریانکا چوپڑہ کی جگہ جیکولین فرنانڈس کو کاسٹ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ یہ جیکولین کی شاہ رخ کے ساتھ پہلی فلم ہوگی۔ وہ بارہا اس بات کا اظہار کرچکی ہیں کہ ان کی زندگی کی بڑی تمنا کنگ خان کی ہیروئن بننا ہے۔ یاد رہے کہ جیکولین سلمان کے ساتھ فلم ''کک'' میں کام کرچکی ہیں۔ دیکھتے ہیں باکس آفس پر شاہ رخ خان اور جیکولین کی جوڑی کیا دھوم مچاتی ہے۔

٭میں ہوں ناں: ڈانس ڈائریکٹر فرح خان کی بہ حیثیت ڈائریکٹر پہلی فلم میں ہوں ناں ایک کام یاب فلم تھی، جس کی کاسٹ میں شاہ رخ خان، زید خان اور سشمیتا سین شامل تھیں۔ اب فرح خان نے سیکوئلز کی دوڑ میں شامل ہونے کا ارادہ کیا ہے اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی فلم میں ہوں ناں کا سیکوئیل اسی نام سے یعنی میں ہوں ناں ٹو بنانا چاہتی ہیں۔ اس سلسلے میں شاہ رخ سے بات کی جائے گی، اگر انہوں نے آمادگی کا اظہار کردیا تو جلد ی ہی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں