پاکستان کیلیے ’’خوشخبری‘‘ رسل سیریز سے باہر ہوگئے

ڈوپنگ کیس میں جمیکن کمیشن کے سامنے پیشی طے، ویسٹ انڈین ٹیم میں ولیمز شامل


Sports Desk September 18, 2016
ڈوپنگ کیس میں جمیکن کمیشن کے سامنے پیشی طے، ویسٹ انڈین ٹیم میں ولیمز شامل۔ فوٹو: فائل

ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل پاکستان کیلیے ''خوشخبری'' سامنے آگئی، آندرے رسل ڈوپنگ تنازع کے سبب تینوں میچز سے باہر ہو گئے، انھیں جمیکن کمیشن کے سامنے پیشی نے سیریز سے آؤٹ کردیا، ویسٹ انڈین ٹیم میں کیریبیئن پریمیئر لیگ کی دریافت کیسرک ولیمز کو شامل کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آندرے رسل پر الزام ہے کہ انھیں تین مرتبہ ڈوپنگ ٹیسٹ کیلیے طلب کیا گیا مگر وہ ایک بار پھر نمونے دینے نہیں گئے، قوانین کے تحت تین مرتبہ ٹیسٹ کیلیے غیرحاضری پر کھلاڑی کو معطل کردیا جاتا ہے، رسل کے معاملے کا جمیکن اینٹی ڈوپنگ کمیشن جائزہ لے رہا ہے جس کے سامنے ان کی 19 اور20 ستمبر کوپیشی ہے،اسی وجہ سے وہ پاکستان کے خلاف تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز سے مجبوراً دستبردار ہوگئے،انھوں نے رواں برس مارچ اپریل میں بھارت میں کھیلے گئے ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اپنی ٹیم کو چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، وہ دنیا بھر میںکھیلی جانے والی مختصر ترین فارمیٹس کی لیگ میں بہترین پرفارم کرتے رہے ہیں۔

گذشتہ برس سڈنی تھنڈر کو بگ بیش ٹائٹل جتوانے میں بھی ان کا کلیدی کردار رہا تھا،پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد اور سی پی ایل میں جمیکا تلاواز کے فاتح اسکواڈز میں بھی وہ شامل رہے،ان کی غیرموجودگی ویسٹ انڈیز کیلیے ایک بڑا دھچکا ثابت ہوسکتی ہے، اسکواڈ میں فاسٹ بولر کیسرک ولیمز کو شامل کرلیا گیا جنھوں نے اپنے کیریئر میں صرف 9 فرسٹ کلاس اور 6 لسٹ اے میچز میں حصہ لیا ہے، ان میں سے بھی آخری2014 میں کھیلا تھا، انھیں سی پی ایل ڈرافٹنگ کے 13 ویں راؤنڈ میں تلاواز نے صرف 5 ہزار ڈالر میں خریدا مگر انھوں نے حیران کن طور پر شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے 17 وکٹیں لیتے ہوئے سہیل تنویر اور ڈیوائن براوو کے بعد کامیاب بولرز کی فہرست میں تیسرا نمبر حاصل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں