ریو پیرا اولمپکس میں شریک ایرانی سائیکلسٹ مقابلے کے دوران حادثے میں ہلاک

سرفراز بہمن گلبار پیرا اولمپکس کی 4-5 سائیکلنگ ریس کے دوران حادثے میں ہلاک ہوئے، ایرانی حکام


ویب ڈیسک September 18, 2016
سرفراز بہمن گلبار نزاد 2012 میں ہونے والے لندن پیرااولمپکس میں بھی شرکت کرچکے تھے : فوٹو : فائل

لاہور: برازیل میں جاری پیرا اولمپکس مقابلوں کے دوران ایرانی سائیکلسٹ سرفراز بہمن گلبار نژاد حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کے پیرا سائیکلسٹ سرفراز بہمن گلبار نژاد برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں جاری پیرا اولمیکس میں مردوں کی ریس کے دوران حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ایرانی پیرالمپکس کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 45 سالہ ایرانی سائیکلنگ چیمپیئن سرفراز بہمن گلبارنزاد مردوں کی سی 4-5 ریس میں شریک تھے، ریس کا آغاز پونٹل سے ہوا جس میں گروماری سرکٹ بھی شامل تھا جو اولمپکس کے دوران روڈ ریسز کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔ ریس کے دوران ایرانی پیراسائیکلسٹ حادثے کا شکار ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

کمیٹی نے کہا کہ سرفراز ایک مثالی کھلاڑی تھے جنہوں نے دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کیا اور اسی مقصد کے حصول کے لئے اپنی جان بھی دے دی، ان کا نام ایرانی پیرا اولمپکس کی تاریخ میں فخر سے لکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ سرفراز بہمن گلبار نزاد 2012 میں ہونے والے لندن پیرااولمپکس میں بھی شرکت کرچکے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔