اسرائیلی ایٹمی ہتھیاروں پر کولن پاول کا انکشاف

عراق کی تباہی و بربادی کا سلسلہ اب تک جاری ہے لیکن اسرائیل کی طرف کوئی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتا


Editorial September 18, 2016

سابق امریکی وزیر خارجہ کولن پاول نے اپنے ایک دوست کے ساتھ نجی ای میل کے تبادلے میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل کے پاس دو سو ایٹمی ہتھیار بالکل تیار حالت میں موجود ہیں جن سب کا رخ ایران کی طرف ہے۔ کولن پاول اسرائیلی جوہری طاقت کے بارے میں ای میل پر تبادلہ خیال کر رہے تھے جسے ایک گمنام ہیکر نے اڑا لیا۔یوں یہ میڈیا میں آگئی۔ کولن پاول کے مطابق اسرائیل کے پاس کئی عشروں سے ایٹمی ہتھیار موجود ہیں لیکن پھر بھی سرکاری طور پر اسرائیل کو ایٹمی ریاست قرار نہیں دیا گیا جب کہ مسلمان ملک عراق پر جوہری ہتھیار رکھنے کے جھوٹے الزام کے تحت امریکا اور اس کے حواریوں نے حملہ کر کے اسے تہس نہس کر دیا، لاکھوں عراقی ہلاک و بے گھر ہو گئے۔

عراق کی تباہی و بربادی کا سلسلہ اب تک جاری ہے لیکن اسرائیل کی طرف کوئی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھتا اور نہ ہی اس نے سی ٹی بی ٹی (تخفیف اسلحہ کے معاہدے) پر دستخط کیے ہیں۔ واضح رہے کولن پاول امریکا کے وزیر خارجہ کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں لہٰذا ان کا متذکرہ بیان کسی قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے۔

یہ انکشاف پاول نے مارچ 2015 ء میں اپنے نجی جی میل اکاؤنٹ میں کیا تھا جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا تھا اور امریکی صدر بارک اوباما پر زور دیا تھا کہ امریکا کو چاہیے کہ ایران کو کچل دیا جائے کیونکہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ کولن پاول کا کہنا تھا کہ اگر ایران ایٹمی ہتھیار بنا بھی لے تب بھی اسے استعمال نہیں کر سکے گا کیونکہ اس کے پاس مطلوبہ میزائل ٹیکنالوجی نہیں ہے۔ پاول نے اپنی میل میں یہ بھی لکھا ہے کہ ایران میں تو اسکول کے لڑکوں تک کو پتہ ہے کہ اسرائیل کے پاس دو سو ایٹم بم موجود ہیں جن سب کا رخ ایران کی طرف کیا ہوا ہے۔ اب کولن پاول کے اس انکشاف پر اس کے خلاف کیا کارروائی کی جاتی ہے اس کا پتہ تو بعد میں ہی چلے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔