کارکنوں نے جان کے نذرانے دیے مگر جھکے نہیں الطاف حسین

جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں زمانہ انہیں فراموش کردیتا ہے، یوم شہدا کے موقع پر بیان

جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں زمانہ انہیں فراموش کردیتا ہے، یوم شہدا کے موقع پر بیان۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک کے بہادر، جانثار، ثابت قدم ، نہ بکنے والے، نہ جھکنے والے کارکنان نے حق پرستی کے نظریے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیدیا لیکن باطل قوتوں کے آگے سر نہیں جھکایا اور آج ایم کیو ایم کی شاندار اور عظیم الشان کامیابیاں حق پرست شہدا کی قربانیوں کا ہی ثمر ہیں۔

"یوم شہدا"کے موقع پر اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں زمانہ انہیں فراموش کردیتا ہے۔ایم کیوایم حق پرستی کی راہ میں شہید ہونے والے اپنے کارکنان کا 9دسمبر کو نہ صرف باقاعدہ دن مناتی ہے بلکہ حق پرست شہدا کے لیے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات اور دیگر پروگرامز منعقد کرکے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔




انھوں نے کہا کہ حق پرستانہ جدوجہد کی پاداش میں کٹھن اور مشکل حالات آتے رہے لیکن کارکنان نے ان کا جرات مندی اور بہادری سے سامنا کیا، اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، سرکاری ٹارچر سیلوں میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنے، معذور ہوئے، اسیری کی صعوبتیں برداشت کیں اور اپنے گھروں سے دربدر ہوکرجلاوطنی کی کربناک زندگی گزارنے پر بھی مجبور ہوئے جس پر میں ایک ایک کارکن کو اس کی جرات ، بہادری اور ثابت قدمی پر سلام تحسین پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ یوم شہدا اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ اور موروثی سیاست کے خاتمے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ حق پرست شہدا کا لہو ہر گز رائیگاں نہیں جائے گا اور شہدا کے لہو کے صدقے حق پرستی کی تحریک اپنی منزل پر ضرور پہنچے گی۔ الطاف حسین نے تمام حق پرست شہدا کے لواحقین ، لاپتہ اور اسیر کارکنان کے اہل خانہ کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے غموں اور دکھوں کو کم فرمائے اور انہیں صبر عطا فرمائے۔

Recommended Stories

Load Next Story