عیدالاضحی پر پاکستانی فلمیں چھائی رہیں

تھیٹرز میںبھی عوام کا رش‘ ایکسپریس گروپ کے پروگراموں کی بھرپورپذیرائی


Qaiser Iftikhar September 20, 2016
تھیٹرز میںبھی عوام کا رش‘ ایکسپریس گروپ کے پروگراموں کی بھرپورپذیرائی ۔ فوٹو : فائل

لاہور: دنیا بھرمیں مذہبی اور قومی تہواروں کومنانے کیلئے خاص اہتمام کئے جاتے ہیں۔ نئے ملبوسات ، لذیزپکوان اوربہت سی تیاریاں ان تہواروں کو یادگار بنانے کیلئے ہوتی ہیں۔ ہمارے مُلک پاکستان میں بھی اسی طرح مذہبی اورقومی تہواروں کوروایتی جوش وجذبے اورعقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

حال ہی میں عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پرجہاں صاحب حیثیت لوگوں نے سُنت ابراہیمی ادا کی وہیں لوگوں کی خوشیوں کودوبالا کرنے کے لئے بہت سے ٹی وی پروگرام، سٹیج ڈرامے اور فلمیں بھی نمائش کیلئے پیش کی گئیں جس کی وجہ سے عید کے تینوں دن شائقین کا زبردست رش دیکھنے میں آیا۔ سینما گھروں کے ساتھ ساتھ شہر کے تھیٹروں میں بھی زبردست رش دکھائی دیا۔ تمام تھیڑروں میں تینوں دن ڈراموں کے دو دو شو دکھائے گئے جس کی وجہ سے پروڈیوسرز نے بہت منافع کمایا ۔ عید کے موقع پرالفلا ح تھیٹرمیں پروڈیوسر ارشد چوہدری کا ڈرامہ '' بھنگڑے دی کوئین'' پیش کیا گیا جس کی کاسٹ میں اداکارہ خوشبو، ہنی شہزادی، لیلیٰ، جیا بٹ، امانت چن، طارق ٹیڈی، آصف اقبال، رمل اور ندیم چٹا شامل ہیں۔

محفل تھیٹر میں ''ڈی جے والا بابو'' پیش کیا گیا جس کی کاسٹ میں اداکارہ ندا چوہدری، سردار کمال، سنہری خان، پریا خان اور دیگر فنکار شامل ہیں۔ تماثیل تھیٹرمیں'' ڈسکوبکرا ''پیش کیا گیا جس کی کاسٹ میں اداکارہ ماہ نور، سخاوت ناز، قیصر پیا اورطاہر انجم قابل ذکرہیں۔ الحمرا ہال نمبر دومیں ''سوہنیوں عید مبارک''شروع ہوا جس کی کاسٹ میں نرگس اور دیگر فنکار شامل ہیں۔ شالیمار تھیٹرمیں پروڈیوسر چنگیزاعوان اور چوہدری ذوالفقارکا ڈرامہ''کڑیاں وائی فائی'' پیش کیا گیا جس کی کاسٹ میں میگھا،آشا چوہدری اور کرینہ جان قابل ذکر ہیں۔ نازتھیٹر میں''موج میلہ''پیش کیا گیا ۔

جس کی کاسٹ میں طاہرنوشاد ، ماریہ اورعمران شوکی سمیت بہت سے دیگر فنکار شامل تھے۔ کمرشل تھیٹر سے محظوظ ہونے کیلئے لاہورکے علاوہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، قصوراورشیخوپورہ سے لوگوں کی بڑی تعداد نے لاہورکا رخ کیا۔ اسی طرح فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی، کراچی اورملتان سمیت دیگر شہروں کے تھیٹروں میں بھی شائقین کی بڑی تعداد دکھائی دی۔ واضح رہے کہ عید پر نمائش کے لئے پیش کئے جانے والے ڈراموں میں کئی تھیٹروںمیں بولڈ ڈانسز بھی پیش کئے گئے جس پر کسی بھی اداکارہ کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی جبکہ کئی مقامات سے اوورچارجنگ کی شکایات موصول ہوئیں تاہم زیادہ تر پروڈیوسرز کا کہنا ہے ہمارے ڈراموں میں فحاشی پر مکمل کنٹرول تھا کیونکہ تمام ڈراموں کی مانیٹرنگ بھی ہوتی ہے ۔

عیدالاضحی کے موقع پرتین اردو، دوپنجابی اورتین پشتوفلمیں ریلیزکی گئی ہیں ۔ا ردوفلموں میں '' زندگی کتنی حسین ہے'' ، ''ایکٹران لاء'' اور ''جانان'' شامل ہیں۔'' زندگی کتنی حسین ہے '' کے ڈائریکٹر انجم شہزاد ہیں اور اس فلم میں معروف اداکارہ حمائمہ ملک کے بھائی اداکار فیروزخان اور سجل علی کو بڑی سکرین پر متعارف کرایا گیا۔ فلم '' ایکٹران لا '' کے ہدایتکار نبیل قریشی، فلمسازفضاء علی مرزا اورمہدی علی ہیں جبکہ اس کی کاسٹ میں فہدمصطفی،مہوش حیات ،علی خان ،ریحان شیخ،صبورعلی،عرفان موتی والا، سلیم معراج ، نیراعجاز، طلعت محمود اوراوم پوری شامل ہیں جن کی یہ پہلی پاکستانی فلم ہے۔

''جانان''کی پروڈیوسرحریم فاروق، ہدایتکاراظفرجعفری اورمصنف عثمان خالدبٹ ہیں ۔کاسٹ میںارمینا رانا خان، بلال اشرف ، مشی خان ، علی رحمن خان، حنا عامر، عثمان مختار، سعیدضیاء عباسی، جلال خان، عجب گل اورنیئراعجاز شامل ہیں۔ پنجابی فلم ''لال بادشاہ ''کے ہدایتکار شاہدرانا اور فنکاروں میں شان ،خوشبو، مناحل ، زری اورولی بخاری شامل ہیں۔ دوسری پنجابی فلم ''بیسٹ آف لک'' تھی جس کے ڈائریکٹر اے حفیظ ہیں جو بہت سے ٹی وی ڈرامے بناچکے ہیں۔اس فلم میں ماڈل زارا ملک اورآصف نے لیڈنگ رول کئے ہیں۔

پشتوفلموںمیں ہدایتکار ارشدخان کی ''بدمعاشی بہ منے''ہدایتکارشاہدعثمان کی ''غلام'' اور ہدایتکار سعیدتہکالے کی فلم ''بدمعاشی نہ منم''شامل ہیں۔ نمائش کیلئے عید پرپیس کی جانے والی پاکستانی فلموں میں زبردست مقابلہ شروع ہوا لیکن حتمی فیصلہ ایورریڈی کی 'ایکٹران لاء ' کے حق میں گیا۔ ملک بھرکے سینما گھروں میں فلم بینوں کی بڑی تعداد نے فلم کودیکھا اورمرکزی فنکاروں فہد مصطفیٰ، مہوش حیات اوربالی وڈ کے ورسٹائل اداکاراوم پوری کی بہترین اداکاری کوخوب سراہا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عید کے پہلے دن نبیل قریشی کی فلم ''ایکٹران لا''نے پاکستان میں ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ روپے کا بزنس کیا جبکہ ''جانان''نے ایک کروڑ چار لاکھ روپے اورجبکہ بین الاقوامی سطح پر تین کروڑ روپے کا بزنس کیا یوں یہ فلم مجموعی طور پر سرفہرست ہے ۔ سجل علی اورفیروز خان کی فلم''زندگی کتنی حسین ہے '' نے پہلے دن پاکستان بھرمیں اسی لاکھ روپے کا بزنس کیا ہے۔ اگرچہ عید سے پہلے ہالی وڈ اور بالی وڈ کی کئی فلمیں زیر نمائش تھیں لیکن عید پرریلیزہونے والی پاکستانی فلمیں سینما گھروں میںچھائی رہیں جہاں لوگوں کا زبردست رش دیکھنے میں آیا۔

عیدالاضحی کے موقع پرٹی وی اورریڈیوچینلزنے شائقین کی خوشیوں میں اضافہ کرنے کیلئے خصوصی پروگرام پیش کئے۔ اس سلسلہ میں 'ایکسپریس نیوز اورایکسپریس انٹرٹینمنٹ ' نے ناظرین کیلئے عید کی مناسبت سے خصوصی ٹرانسمیشن پیش کی۔ ایک طرف توخصوصی ڈرامے آن ائیرہوئے اوردوسری جانب طنزومزاح سے بھرپورپروگرام بھی ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ سیاسی تھیٹر، ڈارلنگ، خبردارکے علاوہ مارننگ شو اورسیاسی ٹاک شوزکوپاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشترممالک میں دیکھا اورپسند کیا گیا ۔

اس حوالے سے شوبزکے سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی کا یہ تہوارپاکستان فلم انڈسٹری کیلئے خوشیوں کا پیغام لے کرآیا ہے۔ اس بار کوئی بھی بھارتی فلم نمائش کیلئے پیش نہیں کی گئی تھی لیکن شائقین کی بڑی تعداد نے پاکستانی فلموںکو دیکھا ، جو بہت خوش آئند ہے۔ اسی طرح سٹیج ڈراموں کا بزنس بھی عروج پررہا۔ کمرشل تھیٹرکودیکھنے والوں نے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھا اورتھیٹروں میں دکھائی دیئے لیکن اس مرتبہ خواتین بھی سٹیج ڈرامہ دیکھنے کیلئے آئیں اورخوب لطف اندوزہوئیں۔ یہی نہیں عید جیسے اہم مذہبی تہوار پر اگر اسی طرح اچھے پروگرام پیش کئے جائیں تویہ غریب عوام کیلئے سب سے بہترین عید گفٹ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں