بھارت الزام لگانے کے بجائے مسئلہ کشمیر پر توجہ دے پاکستان

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا ردعمل سامنے آتا رہےگا جبکہ بھارت کو کشمیری عوام کی آواز سننے کی ضرورت ہے، سیکٹری خارجہ


ویب ڈیسک September 20, 2016
وزیراعظم سے ملاقات میں جان کیری نےانسداددہشت گردی کےلیےپاکستانی کوششوں کوتسلیم کیا، اعزاز چوہدری۔ فوٹو؛ فائل

سیکٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان پر الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہیے جب کہ مقبوضہ کشمیرکےمعاملےپرصورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے۔

نیو یارک میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پریس کانفرنس کی جس میں سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا ردعمل سامنے آتا رہے گا جب کہ بھارت کو کشمیری عوام کی آواز سننے کی ضرورت ہے لہذا بھارت پاکستان پر الزام لگانے کے بجائےمسئلہ کشمیر پر توجہ دے، بھارت کےدھمکی آمیزبیانات سےعلاقائی امن کوخطرات لاحق ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر صورتحال جنگ کی جانب نہیں جانی چاہیے جب کہ امریکا مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوآئی سی کے کشمیر پررابطہ گروپ کا اہم اجلاس ہوا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے مسلم دنیا کو کشمیر کے ایشو پر اکٹھا کرنے کی کوشش کی جب کہ کشمیری عوام کی آوازبین الاقوامی برادری تک پہنچانا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

اعزازچودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں جان کیری نےانسداددہشت گردی کےلیےپاکستانی کوششوں کوتسلیم کیا جب کہ وزیراعظم نے جان کیری کو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سےآگاہ کیا بلکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کے مسلے پر بھی بات ہوئی۔

سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کی برطانوی ہم منصب سے بھی کشمیر کے مسئلے پر بات ہوئی جب کہ سعودی ولی عہد سے ملاقات میں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز پر بات کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کامعاملہ ہرفورم پراٹھائیں گے جب کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی حمایت جاری رکھےگا اور ہم کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں