قاہرہ صدرمحمد مرسی اپنے اضافی اختیارات سے دستبردار ہوگئے
مصر کے صدر محمد مرسی اپنے اضافی اختیارات سے دستبردار ہو گئے ہیں، حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نئے آئین پر ریفرنڈم 15دسمبر کو ہی ہو گا۔
مصر کی اپوزیشن نے مطالبہ کیا تھا کہ سنجیدہ مذاکرات کے لئے صدر کو اپنے اختیارات ختم اور ریفرنڈم ملتوی کرنا ہو گا۔ مصر کے صدر محمد مرسی نے بھی ملک میں جاری بحران کو ختم کرنے کے لئے بعض اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی تھی تاہم ملاقات میں اہم اپوزیشن رہنما شریک نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا صدر نے مذاکرات سے پہلے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے، اپنے اختیارات ختم کرنے کے بعد صدر مرسی نے اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ وہ نئے آئین سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرے۔
واضح رہے کہ مصرکے صدر محمد مرسی نے گزشتہ ماہ صدارتی اختیارات میں اضافے کا فرمان جاری کیا تھا جس کے بعد مصری دارالحکومت قاہرہ کے التحریر اسکوائر پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، احتجاجی مظاہروں کے دوران حکومتی جماعت اخوان المسلمون اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے تھے جب کہ مخالفین کی جانب سے حکومتی دفاتر سمیت کئی دفاتر کو بھی آگ لگادی گئی تھی۔