سعید اجمل نے الوداعی میچ کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا دی

ٹیم میں واپسی کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں جس کا ثبوت نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی ہے،آف اسپنر


ویب ڈیسک September 20, 2016
ٹیم میں واپسی کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں جس کا ثبوت نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں بہترین کارکردگی ہے،آف اسپنر. فوٹو:فائل

FAISALABAD: قومی ٹیم کے جادوگر آف اسپنر سعید اجمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے الوداعی میچ کھیلنے کی پیشکش ٹھکرا دی۔

پی سی بی کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور سعید اجمل کو الوداعی میچ کھلانے پر غور کیا جارہا ہے تاہم سعید اجمل نے پی سی بی کی پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے کہا ہے کہ میرا ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی کا کوئی ارادہ نہیں اور ٹیم میں واپسی کے لئے سخت محنت کر رہا ہوں جس کا ثبوت نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بہترین کارکردگی ہے۔ جادوگر اسپنر سعید اجمل کا کہنا ہے کہ میں نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنی فٹنس اور پرفارمنس ثابت کردی جب کہ سلیکٹرز نے مجھے ڈومسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کا کہا تھا جس میں کامیاب رہا اس لئے مجھے ٹیم میں موقع ملنا چاہیئے اور اگر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تو خود کرکٹ کو خیرباد کہہ دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک اسٹرکچر میں بورڈ کے پاس ایک بھی اچھا آف اسپنر نہیں ہے، مجھے ایک موقع ضرور دینا چاہیے جس طرح ویسٹ انڈیز آف اسپنر سنیل نارائن کو دے رہا ہے۔ واضح رہے کہ پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہفتے کو ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ شاہد آفریدی اور سعید اجمل کو ایک نمائشی میچ میں یادگار انداز میں الوداع کہا جائے گا۔سعید اجمل نے 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی جب کہ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 178، ون ڈے میں 184 اور ٹی ٹوئنٹی میں 85 وکٹیں حاصل کیں۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں