سازشوں کے باوجود پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے فاروق ستار

ہماری جدوجہد ملک سے جاگیردارانہ اور وڈیرانہ نظام کے خاتمے تک جاری رہے گی۔


ویب ڈیسک December 09, 2012
طالم اورجابرکے سامنے سر نہیں جھکائیں گے،فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ آج بھی ایم کیو ایم کو دیوار سے لگانے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔


کراچی میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام یوم شہدا کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے جدوجہد کا آغاز 1978 سے شروع کیا اور اس کے ساتھ ہی اس کے خلاف سازشوں کا آغاز ہوگیاجو آج بھی جاری ہے۔


ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ حق پرستی کی پاداش میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ۔کئی آزمائشیں اور امتحان مسلط کئے گئے۔ 1992 میں ایم کیو ایم پر سب سے بڑی آزمائش آئی۔ ایم کیو ایم کے کارکن تمام امتحانوں میں پورا اترے اور آئندہ بھی اسی مصمم ارادے کے ساتھ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے نہ ہی ظالم اور جابر کے آگے سر جھکائیں گے۔


ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کا مقصد ملک میں جاگیردارانہ وڈیرانہ نظام کا خاتمہ اور 98 فیصد عوام کو ان کے حقوق دلوانا ہے۔ ہماری جدوجہد ملک سے جاگیردارانہ اور وڈیرانہ نظام کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ہم پاکستان کو اس کی منزل تک پہنچائیں گے اور پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں