وزیراعظم نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا پردہ کیا چاک کیا کہ بھارت بلبلا اٹھا

وزیراعظم نےمقبوضہ کشمیرکا جنرل اسمبلی میں کیا ذکرکیا کہ بھارتی میڈیا تو جیسے پاگل ہوگیا اورلگا پاکستان کیخلاف زہراگلنے

پاکستانی وزیراعظم نے برہان وانی کی تعریف کرکے یہ تسلیم کر لیا کہ وہ دہشت گردی کا حامی ہے، بھارت کی ہرزہ سرائی، فوٹو:اے ایف پی

ایک جانب بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے زور پر کچلنے کے لیے گزشتہ 70 برسوں سے ظلم ڈھا رہا ہے تو دوسری جانب جب اس کے ظلم کو عالمی سطح پر اٹھایا جاتا ہے تو وہ تلملا اٹھتا ہے اورایسا ہی ہوا اس بار بھی جب وزیراعظم نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا پردہ کیا چاک کیا تونہ صرف بھارتی حکام بلبلا اٹھے بلکہ اُس کے میڈیا نے تو پاکستان اوروزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایسا زہراگلا کہ جسے سُن کر صحافت بھی شرما جائے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے جب مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کا تذکرہ کیا تو جنگی جنون میں مبتلا بھارت پاکستان کو دہشت گرد قرار دینے کے جتن کرنے لگا، وزیر اعظم نواز شریف کے خطاب کے بعد اقوام متحدہ میں بھارتی مشن کے سیکریٹری اول انعام گھمبیر نے کشمیر پر ریاستی جبر سے آنکھیں چراتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے بڑی قسم دہشت گردی ہے اور جب دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کی حیثیت سے اختیار کیا جاتا ہے تو وہ بدترین جنگی جرائم میں شمار ہوتی ہے۔

انعام گھمبیر نے مزید زہر اگلتے ہوئے کہا کہ بھارت کی نظر میں پاکستان ایک دہشت گرد ملک ہے جو اپنے پڑوسی ملکوں کے خلاف دہشت گردوں کی ہر سال اربوں ڈالر امداد کرتا ہے جس سے دہشت گرد اپنےعزائم مکمل کرتے ہیں۔




اس خبر کو بھی پڑھیں : بھارتی مظالم کی عالمی تحقیقات کا مطالبہ


دوسری جانب بھارت کے وزیر مملکت امور خارجہ ایم جے اکبر نے تو وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے برہان وانی کا تذکرہ کرنے پر بھارتی جرائم پر چشم پوشی اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ پاکستان ایک دہشت گرد کو ہیرو قرار دے رہا ہے، برہان وانی کی تعریف کرکے پاکستان یہ تسلیم کر رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کا حامی ہے۔ اپنی روش پر پردہ ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاتھ میں بندوق رکھ کر بھارت سے بات کرنا چاہتا ہے لیکن دہشت گردی اور دوستی ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔

ادھر بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر ایسے ایسے تبصرے کئے کہ جس سے صحافت بھی شرما جائے، بھارتی اینکروں کے منہ میں جو آیا وہ پاکستان کے خلاف زہراگلنے میں ایک دوسرے سے بازی لینے میں لگے رہے۔ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے ساتھ چین کو بھی نہ بخشا اورکہا کہ پاکستان بھارت میں جو دہشت گردی کررہا ہے اسے اُس پر چین کی حمایت حاصل ہے۔

Load Next Story