پشاور سے تعلق رکھنے والے ستارے جو بالی وڈ میں جگمگاتے رہے

پشاور کے قدیم ترین اور مشہور ترین بازار قصہ خوانی میں دلیپ کمار، راج کپور اور شاہ رخ خان کے آبائی گھر ہیں۔

بالی وڈ کی دنیا میں راج کرنے والے شاہ رخ خان، دلیپ کمار اور ونود کھنہ کا تعلق پشاور سے ہے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
بالی وڈ کے بہت سے نامور اسٹارز کا آبائی شہر پشاور ہے جنہوں نے اپنی کردارنگاری سے برصغیر کی سینما انڈسٹری پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

تنگ و پرپیچ گلیوں پر مشتمل یہ علاقہ پشاور کے قدیم ترین اور مشہور ترین بازار قصہ خوانی کے پہلو میں واقع ایک پہاڑی پر قائم ہے۔اس علاقے میں چار سو میٹر کے دائرے کے اندر اندر بالی وڈ کے تین عظیم ستاروں دلیپ کمار، راج کپور اور شاہ رخ خان کے گھر پائے جاتے ہیں۔ڈھکی کے اندر قصہ خوانی بازار کے بائیں طرف ایک تاریک گلی کی دوسری طرف ایک چھوٹا سا کھلا میدان ہے۔جس کے دائیں طرف پہاڑی کے اوپر راج کپور کا گھر ہے جو 1950 کے عشرے میں بالی وڈ کے میگا اسٹار تھے۔راج کپور کے والد پرتھوی راج (جنہوں نے 'مغلِ اعظم' میں اکبر کا کردار ادا کیا تھا) اپنے آپ کو پہلا ہندو پٹھان کہتے تھے۔

ان کی تین منزلہ حویلی کے سامنے کا حصہ محرابی کھڑکیوں اور باہر کو نکلی ہوئی بالکونیوں پر مشتمل ہے۔ لیکن اب یہ عمارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔راج کپور کا خاندان 1930 کے عشرے میں ممبئی منتقل ہو گیا تھا ' مگر اس کے باوجود وہ 1947 تک یہاں آتے جاتے رہے ۔کپور خاندان کی حویلی سے تین منٹ کے راستے پر ایک تنگ گلی میں شنہشاہ جذبات دلیپ کمار کا گھر ہے جو اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔ بالی وڈ کے چند حالیہ چوٹی کے اداکاروں کا شجرہ تقسیم کے 66 برس بعد بھی پشاور سے جا ملتا ہے۔




جن میں سے ایک نام بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کا ہے ان کا آبائی گھر بھی یہی ہے جہاں شاہ رخ خان کے والد تاج محمد خان پیدا ہوئے اور پلے بڑھے ' خود شاہ رخ خان کا لڑکپن کا کچھ وقت یہاں گزرا ہے'جہاں وہ دہلی سے اپنے رشتہ داروں سے ملنے کے لیے آیا کرتے تھے۔یہی نہیں بلکہ پشاور بالی وڈ کے کئی اور مشہور و معروف ستاروں کا گھر بھی ہے۔

ان میں مدھوبالا بھی شامل ہیں جنھیں بالی وڈ کی تاریخ کی حسین ترین ہیرؤین کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ 1975 کی ریکارڈ توڑ فلم شعلے کے مشہور ولن امجد خان کا تعلق بھی اسی شہر سے ہے۔1970 کی دہائی میں بالی وڈ کے سب سے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک دنود کھنہ ہیں۔ وہ بھی پشاور ہی میں پیدا ہوئے تھے۔ انیل کپور کے والد سریندر کپور بھی یہیں کے رہنے والے تھے۔
Load Next Story