ایم کیوایم لندن کے مطالبے پر متحدہ کے ارکان سندھ اسمبلی کا استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ

سید سردار احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران تمام ارکان نے فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔


ویب ڈیسک September 23, 2016
سید سردار احمد کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران تمام ارکان نے فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے سندھ اسمبلی ارکان نے فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی سے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی سندھ اسمبلی میں پارلیمانی پارٹی کا ہنگامی اجلاس سید سردار احمد کی سربراہی میں ہوا جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تمام ارکان نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ایم کیو ایم لندن کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسمبلی رکنیت سے استعفے نہ دینا کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کا کہنا تھا کہ ہمارا لندن سے کوئی رابطہ نہیں، ہم نے ریاست پاکستان کا حلف اٹھایا ہے ، کسی کی تسلی یا تشفی کے لئے استعفیٰ نہیں دیا جاسکتا، عوام نے اعتبار نہ کیا تو استعفیٰ دیا جاسکتا ہے، استعفوں کا مطالبہ آئین کے مطابق غیرآئینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کسی رکن سندھ اسمبلی نے استعفیٰ نہیں دیا، ارم فاروقی کا استعفیٰ اب تک ہمیں موصول نہیں ہوا اس لئے وہ ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی ہی تصور کی جائیں گی جب کہ بیرسٹر سیف نے جعلی آئی ڈی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، کسی جعلی آئی ڈی سے میرا بھی استعفیٰ آسکتا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ اسیروں کی رہائی کیلیے دوبارہ کوششیں شروع کریں گے، 105 لاپتہ کارکنان کی بازیبی اولین ترجیح ہے جب کہ حکام کو قیدیوں کے شفاف ٹرائل کا کہا ہے اور اگر ان پر کوئی جرم ثابت ہوتا ہے تو ایم کیوایم آواز نہیں اٹھائےگی۔

دوسری جانب بیرون ملک مقیم ایم کیوایم کے 6 اراکین سندھ اسمبلی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ ذرائع کے مطابق عبداللہ شیخ، عدنان احمد، خالد مرتضیٰ، ندیم راضی، ارتضیٰ فاروق سمیت 6 اراکین نے فاروق ستار کو حمایت کا یقین دلایا۔

مزید پڑھئے: ندیم نصرت نے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی سمیت تمام شعبے تحلیل کردیئے

واضح رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت نے رابطہ کمیٹی اور پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے سمیت تمام شعبہ جات تحلیل کردیئے تھے جس کے بعد انہوں نے ارکان اسمبلی کو کہا تھا کہ انہوں نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے نام پر ووٹ حاصل کئے اس لئے وہ اخلاقی حیثیت میں اپنی رکنیت سے استعفیٰ دیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں