جرأت مندانہ اقتصادی اصلاحات سے معیشت میں نمایاں بہتری حاصل کی وزیراعظم

پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ اور بجٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ، وزیراعظم کی تاجروں سے گفتگو


ویب ڈیسک September 23, 2016
پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ اور بجٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی ، وزیراعظم کی تاجروں سے گفتگو. فوٹو: پی آئی ڈی

NEW DELHI: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جرأت مندانہ اقتصادی اصلاحات سے معیشت کے تمام بڑے شعبوں میں نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔

نیویارک میں تاجروں اور صنعت کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شرح نمو میں اضافہ اور بجٹ خسارے میں کمی واقع ہوئی، ہمارا معاشی بحالی کا سفر اس لئے زیادہ اہمیت کا حامل ہے کہ ہم نے اسے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کارروائیوں کے باوجود حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بانڈ مارکیٹ میں پاکستان کی شمولیت اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی شاندار کارکردگی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور پاکستان پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے، پاکستان بجلی، تیل و گیس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، اشیائے ضرورت، مالی خدمات اور سرمائے کی منڈیوں جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع فراہم کررہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کا اہم معاشی اورتجارتی شراکت دار رہا ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کا حجم عالمی رجحانات کے مطابق نہیں جب کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے نیپال کے وزیر خارجہ ڈاکٹر پرکاش شیرن مہات نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور نیپال کے درمیان آزاد تجارت کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دو نوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کے موجودہ حجم کو بڑھانے کی ضرورت ہے جو اس وقت 13 کروڑ 15 لاکھ ڈالر ہے، دونوں فریق زراعت ، ادویات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون بڑھا سکتے ہیں جب کہ نیپالی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا کا اہم ترین ملک ہے اور نیپال اس کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں