کراچی رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن39گرفتار فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت4افراد ہلاک

کورنگی بلال کالونی میں گھرگھرتلاشی،سرجانی وگھاس منڈی سے ٹارگٹ کلراوراسلحہ ڈیلرگرفتار


Staff Reporter December 10, 2012
کراچی: رینجرز اہلکار چھاپوں کے دوران برآمد کیا جانے والا اسلحہ میڈیا کو دکھا رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں ایک پولیس اہلکار سمیت 4افراد ہلاک جبکہ7زخمی ہوگئے۔

رینجرزنے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈآپریشن کرکے ٹارگٹ کلنگ اوردیگرسنگین جرائم میں ملوث5ملزمان سمیت39کوحراست میں لے لیا،بھاری مقدارمیں اسلحہ،منشیات،سیٹلائٹ فون،ٹیلی اسکوپ اوردیگرسامان بھی برآمدکیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب بولان سجی کے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوارپولیس اہلکارثاقب زبیری ہلاک ہوگیا،مقتول ثاقب زبیربیلٹ نمبر3558ڈی آئی جی ایسٹ آفس میں تعینات اورایک بیٹے کاباپ تھا،وہ ڈیوٹی سے چھٹی کرکے اپنے گھرجا رہاتھاکہ گھات لگائے کھڑے ملزمان نے نشانہ بنادیا۔نیوکراچی کے علاقے سیکٹر 11/Dپاور ہاؤس چورنگی مرغی مارکیٹ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سوزوکی ایف ایکس کارنمبرC-4748 میں سوار50 سالہ معراج الدین قریشی عرف کلو بھائی ہلاک ہو گیا،مقتول چربی پگلا کرفروخت کرنے کا کام کرتا تھا جبکہ جرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث تھا، مقتول کے2بیٹوں صغیراورفرحان نے2009میں رئیس نامی شخص کوبھتہ نہ دینے پرقتل کر دیاتھا اوردونوں تاحال مفرور ہیں۔گارڈن میڈیکل سینٹرجیلانی مسجدکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے32سالہ محمدذاہدبھنبھروہلاک جبکہ20 سالہ ہمایوں ولد امان اﷲ زخمی ہو گیا۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال پہنچایا گیا۔ گلزارہجری کے ڈی اے اسکیم نمبر33میںG-3منی بس کے پرانے اسٹاپ کے قریب سے26سے27سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس نے خاکی رنگ کی قمیض پہنی ہوئی تھی،مقتول کے گلے پرنشانات موجود تھے جس سے معلوم ہو رہاہے کہ مقتول کو تشدد کے بعد گلہ دبا کر قتل کیا گیاہے،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔نارتھ کراچی بلال کالونی کچی آبادی کا رہائشی22 سالہ مشیرگھر کے قریب پر اسرار طور پر آگ لگنے سے جھلس گیا،مشیرکی حالت انتہائی تشویشناک ہے ، پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے ۔جوہرچورنگی پرہفتے اوراتوارکی درمیانی شب نامعلوم ملزمان نے محمد حسین کاندھڑو اور اس کے دوست رمیض کو اغوا کر لیا ،محمد حسین کانڈھڑو کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعدمونچھ اور سر کے بال کاٹ کر زخمی حالت میں جوہرچورنگی کے قریب نیم مردہ حالت میں پھینک دیا گیا،جسقم کراچی کے رہنما بشیرخاصخیلی اوردیگر نے ملیر پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ اغوا کیے جانے والے دونوں جسقم گلستان جوہرکے کارکن ہیں ۔

ایک سیاسی جماعت کے 12 مسلح افراد نے محمد حسین اور رمیض کو اغوا کیااور اپنے دفتر میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا،مغوی رمیض تاحال اغوا کاروں کے شکنجے میں ہے ،3 دن کے اندر واردات میں ملوث ملزمان کوگرفتار نہیں کیاگیاتو جسقم گلشن ٹاؤن میں ہڑتال کی کال دے گی اورشدید احتجاج کیا جائے گا۔نارتھ کراچی سیکٹر 11-Dمیں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے غازی پکوان سینٹر پر فائرنگ کرکے 25 سالہ سید راشد علی نقوی کوزخمی کردیا،زخمی ہونے والا نوجوان مکان نمبر120/7 کا رہائشی ہے اورعلاقے میں کیبل آپیٹر کا کام کیا کرتاہے،وہ غازی پکوان سینٹر پر حلیم بنا رہا تھا اوراسی دوران موٹر سائیکل ملزمان نے فائرنگ کر دی۔کورنگی انڈسٹرل ایریاکے علاقے قیوم آبادڈی ایریا میں ندی کے قریب واقع گھر نمبر48میں 2 ڈاکو ڈکیتی کی نیت سے داخل ہو ئے اور گھر والوں کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے کہ گھر میں موجود2 بھائیوں40 سالہ محمد آصف اور28سالہ محمدحسین نے مزاحمت شروع کردی اس دوران فائرنگ سے دونوں بھائی معمولی زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کی آوازسن کر پڑوسیوں نے مدد گار15کواطلاع کردی۔

1

پولیس نے پہنچ کر علاقہ مکینوں کے مددسے2ملزمان رضوان بلوچ اورسلمان مصطفی کوگرفتار کر2ٹی ٹی پستول اور5رائونڈز برآمدکرلیے،ملزمان کاتیسرا ساتھی فرارہوگیا۔ڈیفنس کے علاقے ہزارہ کالونی میں جھگڑے کے دوران شہریارتنولی نامی شخص سرپربھاری چیزلگنے سے زخمی ہو گیا۔ریکسر لائن کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے20 سالہ حشام زخمی ہوگیا جسے اسپتال منقتل کردیاگیا۔ادھراتوار کی صبح جرائم پیشہ افرادکی موجودگی کی اطلاع پررینجرزکی بھاری نفری نے کورنگی بلال کالونی کے علاقے تاج محمد گوٹھ کا محاصرہ کر لیا اورخواتین رینجرز اہلکاروں کی مدد سے گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا،ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں میں مکمل طور پر بند کر دیا گیا اورکسی بھی غیرمتعلقہ شخص کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ٹارگٹڈ آپریشن کی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی،بلال کالونی میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن تقریباً5 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق بلال کالونی ٹارگٹڈ آپریشن میںایک ہزار سے زائد رینجرز اہلکاروں وخواتین اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ اس دوران سراغ رساں کتوں کی مدد کی لی گئی،آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں ملوث 4 ملزمان سمیت 15ملزمان کو حراست میں لیا گیااور حراست میں لیے جانے والے افراد کے قبضے سے40 مختلف اقسام کے ہتھیاراوردیگرسامان برآمد کر لیا گیاہے،سندھ رینجرز نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سرجانی اورگھاس منڈی میں بھی خفیہ اطلاعات پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن کیاگیااور آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلراور اسلحہ فراہم کرنے والے ملزم سمیت 24ملزمان کو حراست میں لے لیاگیا،حراست میں لیے جانے والے ملزم اور ٹارگٹ کلرکاتعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

جنہیں نامعلوم مقام پرمنتقل کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے،حراست میں لیے گئے ملزمان سے19مختلف ہتھیارجن میں ایس ایم جی ، MP-5 ، رائفلیں ، پستول ،مختلف ہتھیاروں کے کیچز، گولیاں،سیٹلائٹ فون، ڈیگرز،ٹیلی اسکوپ،دوربین اورلیزررینج بھی برآمدکرلی گئی ہے۔رسالہ تھانے کی حدود سول اسپتال کے عقب میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار30 سالہ محمد اکبر ولد محمد عمر زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا ، زخمی ہونے والا گارڈن گھاس منڈی کے قریب کا رہائشی ہے جبکہ بن قاسم کے علاقے میں واقع چاول گودام میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں