صرف کراچی میں حلقہ بندی اور ووٹرز کی تصدیق سازش ہے فاروق ستار

متحدہ نے کسی ظالم و جابر کے آگے سر نہیں جھکایا، حق پرستی کی جدوجہد جاری رہے گی، یوم شہدا پر خطاب


Staff Reporter December 10, 2012
کراچی: متحدہ قومی مومنٹ کے زیراہتمام جناح گراونڈ میں یوم شہدا کے جلسے میں شرکا فاروق ستار کا خطاب سن رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے ماضی میں کسی بھی ظالم و جابر قوت کے آگے سر نہیں جھکایا اور آئندہ بھی حق پرستی کی جدوجہد جاری رہے گی۔

ایم کیو ایم کی جدوجہد کا مقصد اقتدار کا حصول ہرگز نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ صرف کراچی میں حلقہ بندی اور ووٹرز کی تصدیق ایم کیو ایم کے عوامی مینڈیٹ کے خلاف سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوارکو جناح گرائونڈ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے تحت یوم شہداء کے اجتماع میں شریک شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انیس قائم خانی، نسرین جلیل، ڈاکٹر نصرت اور رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے حق پرست شہدا اور انکی لازوال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایم کیو ایم کے شہید کارکنان کے قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے آگ و خون کے متعدد دریا عبور کیے ہیں اور الطاف حسین کی قیادت میں ہر آزمائش کی گھڑی میں صبر و تحمل اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔

10

ہمارا آج بھی یہی عزم ہے کہ آئندہ بھی ہر کٹھن اور کڑے مراحل کا ثابت قدمی اور استقامت سے مقابلہ کریں گے اور ظالم و جابر قوتوں کے آگے سرجھکانے کے بجائے حق پرستانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں رابطہ کمیٹی کے رکن رضا ہارون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین جیسے قائد صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں، حق پرستی کی جدوجہد میں ہزاروں کارکنان کے ساتھ ساتھ قائد تحریک کے بھائی اور بھتیجے کا لہو بھی شامل ہے، ہم اپنے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں