رائیونڈ مارچ والے بیٹھیں رہ جائیں گے اور وزیر اعظم ہیلی کاپٹر پر آتے جاتے رہیں گے خورشید شاہ

پاناما لیکس ہو یا کوئی لیکس کوئی بھی اسے حقیقت میں تبدیل کرنے کو تیار نہیں، خورشید شاہ


ویب ڈیسک September 25, 2016
پاناما لیکس کرپشن کی کھلی کتاب ہے لیکن ہر شخص اس کو نظر انداز کررہاہے، خورشید شاہ : فوٹو؛ فائل

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں احتجاج کی کوئی قدر نہیں رائیونڈ مارچ والے سڑکوں پر بیٹھے رہیں گے اور وزیراعظم ہیلی کاپٹر پر آتے جاتے رہیں گے۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف سید خورشید کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک میں مظاہرین کو اپنے احتجاج کا مقصد معلوم ہوتا ہے وہ اپنے ملک کی حکومت کو سوچنے پر مجبور کردیتے ہیں لیکن پاکستان میں احتجاج کی کوئی قدر نہیں، ترقی یافتہ ممالک میں مظاہروں اور احتجاج کا اثر بھی ہوتا ہے۔ یہاں پاناما لیکس ہو یا کوئی لیکس کوئی بھی اسے حقیقت میں تبدیل کرنے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کرپشن کی کھلی کتاب ہے لیکن ہر شخص پاناما لیکس کو نظر انداز کررہاہے اس معاملے پر حکومت کی ضد برقرار ہے اگر احتساب نہ ہوا تو پھر واضح ہوجائے گا کہ دال میں کچھ کالا ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف رائیونڈ مارچ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا احتجاج کرنے والے سڑکوں پر بیٹھے رہیں گے اور وزیر اعظم نواز شریف ہیلی کاپٹر پر انہیں پھلانگ کر آتے جاتے رہیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے بڑا چیلنج کرپشن ہے کرپشن ختم ہوجائے تو ملک سے غربت کا باآسانی خاتمہ کیا جاسکتا ہے لیکن یہاں لوگ صحت کارڈ تقسیم کروانے کے لئے تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں اور اربوں روپے کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔