جسٹس ر وجیہ پارٹی پالیسیوں سے مایوس ہو کر تحریک انصاف سے مستعفیٰ

پارٹی معاملات میں کوئی شنوائی نہیں ہوتی لہذا مزید کام نہیں کر سکتا، جسٹس (ر) وجیہ الدین


ویب ڈیسک September 25, 2016
جسٹس وجیہ الدین نے اپنا استعفیٰ بذریعہ ای میل عمران خان کو بھیجا۔ فوٹو: فائل

LANDIKOTAL: تحریک انصاف کے ناراض رہنما جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے پارٹی پالیسیوں سے مایوس ہو کر استعفیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ناراض رہنما جسٹس (ر) وجیہ الدین نے پارٹی پالیسیوں سے مایوس ہو کر اپنا استعفیٰ پی ٹی آئی چیرمین عمران خان کو بھجوا دیا ہے۔ جسٹس وجیہ الدین کی جانب سے بذریعہ ای میل عمران خان کو بھیجے گئے استعفے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے معاملات میں انھیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے اور کسی بھی معاملے میں ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی جب کہ پارٹی کے قبضہ گروپ کے خلاف بنائے گئے ٹریبونل کے فیصلوں پر بھی کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا لہذا ایسی صورت حال میں تحریک انصاف میں رہ کر مزید فرائض سر انجام دینا ممکن نہیں رہا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عمران فیصلوں پر ہچکچاہٹ کا شکار

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی انتخابات شفاف بنانے اور سیاسی مداخلت سے پاک رکھنے کے لئے جسٹس وجیہ الدین کو پی ٹی آئی الیکشن ٹریبونل کا سربراہ بنایا تھا اور جسٹس وجیہہ کمیشن نے پارٹی انتخابات پر اثر انداز ہونے پر وزیراعلیٰ پرویز خٹک، علیم خان، جہانگیر ترین اور نادر لغاری کو پارٹی سے برطرف کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم پی ٹی آئی چیرمین عمران خان نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے بجائے جسٹس وجیہہ کی پارٹی رکنیت ہی معطل کر دی تھی جس کے بعد سے وہ سیاست سے دور تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔