پاکستان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار فتح
اب منگل کو ابوظہبی میں تیسرا میچ ہونا ہے جس کی ہار جیت سیریز کی فتح پر اثر انداز نہیں ہو گی
پاکستان نے دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کو 16 رنز سے شکست دے دی۔ یوں تین میچوں ٹی ٹوئنٹی کی سیریز بھی جیت لی' دونوں میچوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے باؤلنگ' بیٹنگ اور فیلڈنگ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔ دونوں میچوں میں سرفراز احمد نے اچھی کپتانی کا مظاہرہ کیا' انھوں نے باؤلروں کا درست استعمال کیا اور فیلڈ کی ترتیب بھی درست رکھی۔ باؤلنگ میں تبدیلی بھی ضرورت کے مطابق کی جس کی بدولت پوری ٹیم یک جان ہو کر کھیلی' نوجوان کھلاڑیوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اب منگل کو ابوظہبی میں تیسرا میچ ہونا ہے جس کی ہار جیت سیریز کی فتح پر اثر انداز نہیں ہو گی' پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس کو دیکھا جائے تو امید ہے کہ تیسرے میچ کا نتیجہ بھی پہلے دو میچوں سے مختلف نہیں ہو گا' اگلے مرحلہ میں ویسٹ کے ساتھ ون ڈے میچوں کی سیریز ہے' اس سیریز میں کپتان اظہر علی کو سرفراز احمد کی طرح بہتر حکمت عملی سے ٹیم کو لڑانا ہو گا۔ اظہر علی کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم انگلینڈ میں ون ڈے سیریز ہار چکی ہے' اب ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز جیتنا پاکستان کے لیے عالمی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہترکرنے کے لیے ضروری ہے۔
اس وقت ون ڈے کرکٹ میں عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن نویں ہے' اگلے ون ڈے ورلڈ کپ میں پہلی آٹھ ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کر لیں گی' اگر پاکستان ویسٹ انڈیز کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شکست دے دیتا ہے تو اس کی رینکنگ بہتر ہو سکتی ہے۔