ضروری نہیں بھارت صرف حملہ کرے وہ چھپ کر بھی وار کرسکتا ہے چوہدری نثار

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک September 26, 2016
پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے، وفاقی وزیر داخلہ، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ضرروی نہیں بھارت صرف حملہ کرے وہ کوئی بھی روپ اختیار کرسکتا ہے جب کہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات سے ظاہر ہوگیا خطے میں کون جنگ اور کون امن چاہتا ہے۔

چکری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ پچھلے چند دنوں کے واقعات کے حوالے سے چند مثبت پہلو سامنے آئیں ہیں، قوم اور تمام سیاسی قیادت دشمن کے خلاف متحد ہے لیکن اس کا اظہار صرف بیانات سے نہیں بلکہ عمل سے کرکے دکھانا ہوگا اور حکومت و اپوزیشن کواکٹھے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو مثبت پیغام جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دشمن کے خفیہ وار کے لیے چوکس رہنا ہوگا، ضروری نہیں کہ دشمن گولہ باری ہی کرے وہ چھپ کربھی وار کرسکتا ہے، اس کا حملہ کسی بھی شکل میں ہوسکتا ہے لہٰذا ہمیں گلی کوچوں میں بھی دہشت گردی روکنے کے لیے چوکنا رہنا ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ مودی ایک اور محاذ پر ناکام

وفاقی وزیرداخلہ نے عالمی برادری سے نریندر مودی کے بیانات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے جس طرح کی زبان استعمال کی میں نے آج تک کسی ملک کے سربراہ کو اس طرح کی زبان استعمال کرتے نہیں دیکھا جب کہ مودی کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کون اس خطے میں جنگ اور کون امن چاہتا ہے۔ پاکستان پر پانی کی بندش سے متعلق سوال پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ یہ کام اتنا آسان نہیں ہوگا کیوں کہ دنیا کے بھی کچھ قانون اور ضابطے ہیں اور بھارت کی تو بہت ساری خواہشات ہیں لیکن ضروری نہیں وہ جیسا چاہیں ویسا ہی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے جب کہ ہمیں ہمسایہ ملک کی دھمکیوں سے بھی دنیا کو آگاہ کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں