KARACHI:
اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی نے کہا ہے کہ ہمیں پنجاب کی حکمرانی قبول نہیں،سپریم کورٹ بھی کہے تو کالاباغ ڈیم نہیں بنے گا۔
چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ ہمیں پنجاب کی حکمرانی قبول نہیں ،پنجاب اگر وفاق کی اکائی کے طور پر ساتھ چلے گا تو عزت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں قیام امن تک دہشت گردوں سے لڑتے رہیں گے ہم ڈرنے والے نہیں مقابلہ کرتے رہیں گے۔
اسفندیارولی نے کہا کہ اے این پی کے سرخ جھنڈوں کی تاریخ خون سے لکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی آئندہ انتخابات کے لئے نئے منشورکا اعلان جلد کرے گی ۔
جلسے سے قبل کار پارکنگ کے قریب ہونے والے دھماکے میں خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔بارودی مواد زیر تعمیر سڑک کے قریب نصب کیا گیا تھا جبکہ دھماکہ ٹائم بم کے ذریعے کیا گیا۔