پیرسپاکستان کی ہرملالہ کواسکول جانے کا حق حاصل ہےصدر زرداری

ملالہ نے سکھایا کہ شدت پسندی کا مقابلہ مل کر ہی کیا جاسکتا ہےاور وہ روشن پاکستان کی عکاسی کرتی ہیں،صدرآصف زرداری

ملالہ نے سکھایا کہ شدت پسندی کا مقابلہ مل کر ہی کیا جاسکتا ہےاور وہ روشن پاکستان کی عکاسی کرتی ہیں،صدرآصف زرداری ، فوٹو :اے ایف پی

صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہرملالہ کواسکول جانے کا حق حاصل ہے، ملالہ نے سکھایا کہ شدت پسندی کا مقابلہ مل کر ہی کیا جاسکتا ہے۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان اور یونیسکو کے اشتراک سے ''ملالہ کانفرنس'' منعقد ہوئی جس میں فرانس کے وزیراعظم ،اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے تعلیم گورڈن براؤن ، صدر آصف زرداری سمیت دیگر نے شرکت کی.

صدرآصف زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد پر میں فرانس کے وزیراعظم ،یونیسکواورتمام شرکا کا شکر گزار ہوں ، انہوں نے کہا کہ ملالہ نے سکھایا کہ شدت پسندی کا مقابلہ مل کر ہی کیا جاسکتا ہے،ملالہ نے پاکستانی بچیوں کی تعلیم کے لئے بہت محنت کی اور وہ روشن اور ترقی یافتہ پاکستان کی عکاسی کرتی ہیں۔

صدرآصف زرداری نے پاکستان کی بیٹی ملالہ کی خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ وہی ملک ترقی کرتا ہے جہاں تعلیم پر زور دیا جاتا ہے۔


صدرآصف زرداری نے کا کہا کہ پاکستان نے جمہوریت کے لئے بہت قربانیاں دیں ، حکومت نے 5 سالہ مدت کامیابی سے مکمل کی اور ہم آئندہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنائیں گے۔

سابق برطانوی وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے تعلیم گورڈن براؤن نے ملالہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم کے لئے پرعزم ہیں جبکہ تمام لڑکوں اور لڑکیوں کو بنیادی تعلیم کا حق حاصل ہے۔

گورڈن براؤن کا کہنا تھا کہ تمام ممالک کو مل کر اس معاملے کو حل کرنا چاہئے، انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ نے اپنی بہادری سے پوری دنیا کو امید کی کرن دکھائی۔

اس موقع پر ملالہ یوسفزئی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ میں دن بدن بہتر ہوری ہوں ، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز میری اچھی دیکھ بھال کررہے ہیں ،صدرآصف زرداری کی عیادت سے بہت خوشی ہوئی،دنیا بھر کے لوگوں کا بھی شکریہ اداکرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔

کانفرنس کے موقع پر یونیسکو کی جانب سے ملالہ فنڈ قائم کرنے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے جس میں پاکستان کی جانب سے 10 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیاگیا۔
Load Next Story