پاکستانی نمبرون پوزیشن طوفانوں کی زد میں آ گئی

کولکتہ ٹیسٹ میں کامیابی سے بھارتی ٹیم چیمپئن شپ گرز پر اپنا حق جتا دے گی


Sports Desk September 28, 2016
مصباح الیون کے پاس ویسٹ انڈیزپرکلین سوئپ سے پھرسرفہرست بننے کا موقع ہوگا۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی نمبرون پوزیشن طوفانوں کی زد میں آ گئی، گرین کیپس سے ٹاپ ٹیم کا اعزاز لینے سے بھارت صرف ایک فتح کی دوری پر رہ گیا، کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کامیابی سے ویرات کوہلی الیون چیمپئن شپ گرز پر اپنا حق جتا دے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے گذشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری ٹیسٹ بارش کی نذر ہونے سے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن گنوا دی تھی، اس کی جگہ پاکستان نے پہلی بار دنیا کی ٹاپ ٹیسٹ ٹیم کا اعزاز حاصل کیا تھا، چند روز قبل آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن لاہور آکر مصباح الحق کو ٹیسٹ چیمپئن شپ کا گرز دے کر گئے، مگر اب اس کی جانب ایک بار پھر بھارتی ہاتھ بڑھنے لگے ہیں۔

اپنے 500 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کو زیر کرنے کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ فرق تقریباً ختم کردیا،اب اسے نمبر ون ٹیم کا اعزاز واپس حاصل کرنے کے لیے باقی دو میں سے ایک کامیابی درکار ہے،جمعے سے ایڈن گارڈنز میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں مضبوط پرفارمنس ٹیم کی خوشیوں کو دوبالا کرسکتی ہے۔ ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کے برعکس ٹیسٹ رینکنگ سیریز کے اختتام پر جاری ہوتی ہے، اس لیے اگربھارت اگلا میچ جیت بھی گیا تو نمبر ون بننے کا باضابطہ اعلان رواں سیریز کے اختتام پر ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ پوزیشن کے لیے اس وقت صرف پاکستان اور بھارت میں ہی جنگ جاری نہیں بلکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ بھی کافی قریب ہیں۔ اگر بھارتی ٹیم کی کامیابی سے ٹاپ پوزیشن گرین کیپس کے ہاتھ سے نکل گئی تب بھی اس کے پاس ویسٹ انڈیز پرکلین سوئپ سے دوبارہ اسے حاصل کرنے کا موقع موجود رہے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں